رسائی کے لنکس

پاکستان: تربیتی کیمپ کے لیے 36 کھلاڑیوں کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر معین خان نے تربیتی کیمپ کے لیے 36 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے چھ مئی سے لاہور میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے لیے 36 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔

منگل کو کراچی میں نئی سلیکشن کمیٹی کے پہلے اجلاس کے بعد چیف سلیکٹر معین خان نے پریس کانفرس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ ’’تربیتی سمر کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور فٹنس اور کارکردگی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔‘‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دراز قد فاسٹ باؤلر محمد عرفان کے بارے میں معین خان کا کہنا تھا کہ وہ بتدریج اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں اور جیسے ہی وہ مکمل صحت یاب ہوں گے تو انھیں بھی ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا۔

محمد عرفان نومبر 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران کولہے میں تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ جس کے بعد سے وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

تربیتی سمر کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کے نام:

مصباح الحق، محمد حفیظ، احمد شہزاد، شاہد خان آفریدی، عمراکمل، صہیب مقصود، فواد عالم، سعید اجمل، عبدالرحمان، عمر گل، انور علی، بلاول بھٹی، عاطف مقبول، احسان عادل، یاسر شاہ، محمد عرفان، وہاب ریاض، محمد سمیع، راحت علی، محمد طلحہ، سہیل تنویر، سرفراز احمد، عدنان اکمل، احمد شہزاد، خرم منظور، ناصر جمشید، شرجیل خان، توفیق عمر، شان مسعود، عمران فرحت، یاسر حمید، اسد شفیق، یونس خان، اظہرعلی، فیصل اقبال اور رضا حسن شامل ہیں۔

حال ہی میں ٹیم میں دوبارہ واپس آنے والے سابق کپتان شعیب ملک اور وکٹ کیپر کامران اکمل کو تربیتی کیمپ میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی خصوصاً ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اس کی غیر معیاری کارکردگی پر کرکٹ کے حلقوں میں اس پر خاصی تنقید کی جاتی رہی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتان محمد حفیظ نے ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور تاحال نئے کپتان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG