رسائی کے لنکس

پاکستان کی خاتون پائلٹ فضائی حادثے میں ہلاک


ہلاک ہونے والی خاتون پائلٹ مریم مختیار
ہلاک ہونے والی خاتون پائلٹ مریم مختیار

فلائنگ آفیسر مریم فضائیہ کے کسی بھی آپریشنل سرگرمی کے دوران ہلاک ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون پائلٹ ہیں۔

پاکستان کی فضائیہ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب ضلع میانوالی کے قریب کندیاں میں اُس کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس سے ایک خاتون پائلٹ ہلاک جب کہ اُن کا ساتھی پائلٹ زخمی ہو گیا۔

فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی اور فلائنگ آفیسر مریم مختیار معمول کی آپریشنل تربیتی مشن پر تھے کہ منگل کو اُن کے طیارے کو حادثہ پیش آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں پائلٹ نے انتہائی مہارت اور بہادری سے طیارے میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال کا مقابلہ کیا اور آخری لمحات تک جہاز کو بچانے کی کوشش کی۔

فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ زمین پر لوگوں کی جان اور اُن کی املاک کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے، طیارے کے زمین پر گرنے سے قبل دونوں پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے نکلے۔

تاہم زمین پر اترتے ہوئے دونوں پائلٹ زخمی ہو گئے اور بعد میں مریم مختیار دم توڑ گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ فلائنگ آفیسر مریم فضائیہ کے کسی بھی آپریشنل سرگرمی کے دوران ہلاک ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون پائلٹ ہیں۔ فضائیہ کے مطابق اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی معمولی زخمی ہیں۔

مریم مختیار پاکستانی فضائیہ میں شامل محدود تعداد میں خواتین پائلٹس میں سے ایک ہیں۔

اُنھوں نے اپنے ایک ویڈیو انٹرویو میں کہا تھا کہ فضائیہ میں اُن کی شمولیت کی وجہ یہ تھی کہ اُنھیں پاکستانی فضائیہ کا نظم و ضبط بہت پسند تھا اور وہ کچھ مختلف کرنے کی خواہشں مند تھیں۔

طیارے کو پیش آنے والے اس حادثے کی وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ پاکستان میں فضائیہ کو معمول کی تربیتی پروازوں کے دوران ایسے حادثات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG