رسائی کے لنکس

پاکستان: 247 خودکش حملوں میں 5550 افراد ہلاک


پاکستان: 247 خودکش حملوں میں 5550 افراد ہلاک
پاکستان: 247 خودکش حملوں میں 5550 افراد ہلاک

وزیر خارجہ قریشی نے شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 600 غیر ملکی کمپنیاں کا م کررہی ہیں جواس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ ملک میں اب بھی سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول موجودہے اور مزید کمپنیاں یہاں آکر کام کرسکتی ہیں جس سے نہ صرف اقتصادی صورت حال میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستان نے کہا ہے کہ گذشتہ نو سالوں کے دوران ملک میں ہونے والے 247 خودکش حملوں میں 5550 سے زائد افراد ہلاک اور سات ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں تین ہزار عام شہری جب کہ 2550 سکیورٹی فورسز کے اہلکا ر ہیں۔

یہ اعداد وشمار وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں پاکستان کے دوست ممالک پر مشتمل ”فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان“ فورم میں شامل سینیئر عہدیداروں کے اجلاس سے اپنے افتتاحی خطاب میں بتائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گذشتہ نوسالوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی معیشت کو 43 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے جب کہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری بھی بری طرح متاثر ہو ئی ہے۔

شاہ محمود قریشی امریکی خصوصی نمائندے کے ہمراہ (فائل فوٹو)
شاہ محمود قریشی امریکی خصوصی نمائندے کے ہمراہ (فائل فوٹو)

پاکستان کی توانائی کی ضروریات کا جائزہ لینے اور اُنھیں پورا کرنے کے لیے ہفتے کے روز اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت امریکہ سمیت پاکستان کے دوست ممالک پر مشتمل ”فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان“ فورم کے اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک سمیت دیگر رکن ممالک کے اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کو توانائی کے بحران سے متعلق مرتب کردہ اُس رپورٹ کا جائزہ لیا گیا جسے حتمی منظوری کے لیے رواں سال اکتوبر میں بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان کے وزراتی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی تیار کردہ اس مشترکہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کو آئندہ تین سالوں کے دوران 6700 میگاواٹ بجلی کی پیدوار کے لیے7.7 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی ۔ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں ترجیحاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے نجی شعبے کی طرف سے 14 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری درکار ہو گی۔

وزیر خارجہ قریشی نے شرکاء کو یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں اس وقت 600 غیر ملکی کمپنیاں کا م کررہی ہیں جواس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ ملک میں اب بھی سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول موجودہے اور مزید کمپنیاں یہاں آکر کام کرسکتی ہیں جس سے نہ صرف اقتصادی صورت حال میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔

پاکستانی فوج نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے حالیہ برسوں میں مالاکنڈ ڈویژن بشمول سوات کے علاوہ ملک کے قبائلی علاقوں میں بھرپور آپریشن کیے ہیں اور ایک روز قبل پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کور کمانڈروں کے اجلاس سے خطاب میں اس عزم کو دہرایا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گی۔

امریکی وزیر خارجہ (فائل فوٹو)
امریکی وزیر خارجہ (فائل فوٹو)

دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن اتوار کو دوروزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہی ہیں۔ جہاں وہ اپنے وفد کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ طویل المدتی اسٹریٹیجک مذاکرات کے اجلاس میں شرکت کریں گی جس میں دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان جون اور جولائی میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان مذاکرات سے قبل پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی پاکستان پہنچے ہیں جہاں اُنھوں نے صدرآصف زرداری اور وزیرخارجہ شاہ محمود سے ملاقاتیں کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG