رسائی کے لنکس

بن لادن کی بیواؤں پر فرد جرم آئندہ ہفتے عائد کی جائے گی


ایبٹ آباد میں واقع بن لادن کی پناہ گاہ کو مسمار کیا جاچکا ہے
ایبٹ آباد میں واقع بن لادن کی پناہ گاہ کو مسمار کیا جاچکا ہے

پاکستان کی ایک عدالت اسامہ بن لادن کی تین بیواؤں اور دو بیٹیوں پر غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے اور سکونت اختیار کرنے کے الزام میں آئندہ ہفتے فرد جرم عائد کرے گی۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملزمان کے وکیل محمد عامر نے بتایا کہ عدالت نے پیر کو پانچوں خواتین کو اُن کے خلاف قائم مقدمے اور اس سے متعلق شواہد کی نقلوں فراہم کیں۔

محمد عامر کا کہنا تھا کہ 2 اپریل کو مقدمے کی آئندہ سماعت کے موقع پر القاعدہ کے رہنما کی بیواؤں اور بیٹیوں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

گزشتہ سال دو مئی کو ایبٹ آباد میں کیے گئے خفیہ آپریشن میں امریکی فوجی القاعدہ کے مفرور لیڈر کو ہلاک کرنے کے بعد اُس کی لاش اپنے ساتھ لے گئے تھے لیکن خاندان کے دیگر افراد کو وہیں چھوڑ گئے جن میں بن لادن کی تین بیوائیں اور 10 بچے شامل ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رحمٰن ملک اس سے قبل بتا چکے ہیں کہ مقدمے میں اُسامہ بن لادن کی بیواؤں کے خلاف لگائی جانے والی دفعات کا تعلق دھوکا دہی، جعل سازی اور غیر ملکیوں سے متعلق پاکستانی قانون کی خلاف ورزی سے ہے۔

وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ ایبٹ آباد میں بن لادن کے خلاف خفیہ امریکی آپریشن اور دیگر معاملات کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کی ہدایت پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG