رسائی کے لنکس

”پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ پر قوم کو اعتماد میں لیں گے“


”پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ پر قوم کو اعتماد میں لیں گے“
”پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ پر قوم کو اعتماد میں لیں گے“

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے پہلے روز کے سٹریٹیجک مذاکرات کو نہایت کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفد کی واپسی پر قوم کو بات چیت کے نتائج کے حوالے سے اعتماد میں لیاجائے گا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی حکام امریکی عہدیداروں کے ساتھ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور امریکی ہوائی اڈوں پر جامہ تلاشی کے متنازع طریقہ کار پر بھی بات چیت کریں گے۔حکومت کو پارلیمان میں اپوزیشن کی طرف سے اس تنقید کا سامنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات سے قبل اسے اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

سٹریٹیجک مذاکرات کے بارے میں بھارت کی تشویش سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ملکوں سے خطے میں امن واستحکام کے لیے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور یہ نہیں چاہتا کہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ کی وجہ سے امریکہ اور بھارت کے تعلقات متاثر ہوں۔انھوں نے کہا”ہمارے اپنے تعلقات ہیں اور ان کے اپنے تعلقات ہیں، ہمیں صرف انسداد دہشت گردی کو مرکزیت دینی ہے“۔

یاد رہے کہ مذاکرات سے پہلے امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ان معاملات پر بات چیت ہوگی جن کا تعلق براہ راست دونوں ملکوں کے مفادات سے ہے اور انھوں نے پاکستان اور بھارت ے درمیان تنازعات کے حل میں امریکی کردار پر بات کرنے سے گریز کیا تھا۔

وزیراعظم گیلانی نے ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اور اس کے خلاف عوامی مظاہروں کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گرمی کی شدت اور بجلی کی مانگ میں اضافہ اس کی وجہ ہے لیکن ان کے مطابق بجلی کے بحران کوحل کرنا نہ صرف پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ میں سر فہرست ہے بلکہ دنیا بھر سے اس مسئلے کے حل پر توجہ دی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG