رسائی کے لنکس

تعمیر نو کےمنصوبوں کے لیے86 ارب روپے درکار


تعمیر نو کےمنصوبوں کے لیے86 ارب روپے درکار
تعمیر نو کےمنصوبوں کے لیے86 ارب روپے درکار

صوبہ خیبر پختون خواہ میں دہشت گردی سے متاثر مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع اور قبائلی علاقوں باجوڑ اور مہمند ایجنسی میں تعمیر نو کی سرگرمیوں کے لیے 86 ارب روپے سے زائد رقم درکار ہو گی جسے مکانات کی تعمیر،زراعت اور روزگار کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔

تعمیرنو کے لیے قائم خصوصی صوبائی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل شکیل قادر نے پشاور میں اتوار کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک سرکاری سروے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 20 ہزار سے زائد مکان مکمل طورپر تباہ ہو ئے ہیں جن میں سات ہزار وادی سوات میں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان مکانات کی تعمیر نو اور لوگوں کے تباہ حال کاروبار کو بحال کرنے کے لیے درکار 86 ارب روپے سے زائد کی رقم کے تخمینے سے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بنک نے بھی اتفاق کیا ہے۔

شکیل قادر نے بتایا کہ پاکستان نے تعمیر نو کے منصوبوں کے لیے اب اپنی تیاری مکمل کر لی ہے اس لیے امید ہے کہ امداد دینے والے ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے مالی معاونت کا عمل اب تیز ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ نے یوایس ایڈ کے ذریعے ساڑھے چھ کروڑ ڈالرز کی رقم دینے کا اعلان کیا ہے جو دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں صحت ، تعلیم ، زراعت اور روزگار کے مواقع مہیاکرنے کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG