رسائی کے لنکس

’پاک امریکہ مذاکرات انتہائی کامیاب رہے‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ واشنگٹن میں پاکستان اور امریکی کے وزرائے خارجہ کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات انتہائی کامیاب رہے۔

اتوار کو وطن واپسی پر لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ نشستوں میں دونوں ممالک کے عہدیدار اپنا اپنا نقطہ نظر سمجھانے میں کامیاب رہے۔

انھوں نے اوباما انتظامیہ کی طرف سے پاکستان کو دو ارب ڈالر کی فوجی امداد کی فراہمی کے لیے کانگریس سے درخواست کے وعدے کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

”یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے کہ امریکہ نے پاکستان کی جائز دفاعی ضروریات کو تسلیم کیا ہے“۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکام نے اس بات کا ادراک کر لیا ہے کہ اگر وہ پاکستان سے متعلق توقعات کو پورا ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں تو انھیں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی استعداد بڑھانا ہو گی۔

انھوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔

دو طرفہ مذاکرات میں جن دیگر امور پر اتفاق ہوا ان کے بارے میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آبی ذخائر کی تعمیر کے سلسلے میں امریکی تعاون میں وسعت آئے گی۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان وزراء خا رجہ کی سطح پر ہونے والا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کا یہ تیسرا دور تھا اور اس سلسلے کا چوتھا دور آئندہ سال پاکستان میں ہو گا۔

XS
SM
MD
LG