رسائی کے لنکس

پاکستان کی سری لنکا کے خلاف شاندار فتح


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انور علی چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے صرف 17 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے لیکن ٹیم فتح کی دہلیز تک لے آئے۔

پاکستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے کر سری لنکا کو سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔

ہفتہ کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔

بظاہر مشکل ہدف پاکستان کے لیے اس وقت اور بھی مشکل ہو گیا جب صرف 40 کے مجموعی اسکور پر نصف ٹیم آوٹ ہو کر پویلین واپس جا چکی تھی۔

لیکن کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن بالروں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز بنائے، جس کی وجہ سے جیت کی امید پیدا ہوئی۔

شیہان جے سوریا کی گیند پر جب شاہد آفریدی بولڈ ہوئے تو پاکستان کو جیت کے لیے 35 گیندوں پر 66 رنز درکار تھے اور اس کی صرف تین وکٹیں باقی تھیں۔

یہ وہ مرحلہ تھا جب میچ پوری طرح سری لنکا کے ہاتھ میں آچکا تھا لیکن پھر انور علی نے ایسی دھواں دار بیٹنگ کی کہ میزبان ٹیم کا سیریز برابر کرنے کا خواب تقریباً چکنا چور کر دیا۔

انور علی چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے صرف 17 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آوٹ ہوئے لیکن ٹیم فتح کی دہلیز تک لے آئے۔

آخری اوور میں پاکستان کی ایک وکٹ باقی تھی اور اسے پانچ گیندوں پر پانچ رنز درکار تھے کہ عماد وسیم نے ایک شاندار چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتحیاب کیا۔

انور علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ شعیب ملک نے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔

اس میچ کے ساتھ ہی پاکستان کا دورہ سری لنکا بھی مکمل ہوا اور ایک عرصے کے بعد پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کو ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی۔

XS
SM
MD
LG