رسائی کے لنکس

حنا ربانی کھر کی دہلی اور اجمیر شریف کی درگاہوں پر حاضری


حنا ربانی کھر کی دہلی اور اجمیر شریف کی درگاہوں پر حاضری
حنا ربانی کھر کی دہلی اور اجمیر شریف کی درگاہوں پر حاضری

پاکستان کی وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے نئی دہلی سے پاکستان روانہ ہونے سے قبل دہلی میں حضرت نظام الدین اولیا اور اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہوں پر حاضری دی اور بھارت اور پاکستان کے مابین قیام ِامن کے لیے دعائیں کیں۔

حضرت نظام الدین کی درگاہ پر حاضری کے وقت اُن کےساتھ پاکستان کے سکریٹری خارجہ سلمان بشیر اور وفد کے دیگر ارکان بھی تھے۔ وہاں اُنھوں نے نصف گھنٹہ گزارا۔

درگاہ کے سجادہ نشینوں نے اُن کا روایتی خیرمقدم کیا اور حضرت نظام الدین اولیا کے مزار کے پاس واقع حضرت امیر خسرو کے مزار پر لے گئے جہاں اُنھوں نے چادر پیش کی۔ چونکہ، اِس درگاہ میں خواتین کا داخلہ ممنوع ہے، لہٰذا اُنھوں نے اپنے ہاتھ سے چھو کر چادر دوسرے لوگوں کو دے دی جسے اُنھوں نے مزار لے جا کر چڑھا دیا۔

درگاہ کے ایک ذمہ دار دیوان سید زاہد نظامی کے مطابق حنا ربانی کھر نے دونوں ملکوں کے مابین امن و امان کے لیے دعا کی۔

اُنھوں نے وہاں واقع مسجد میں دو رکعت نفل نماز بھی ادا کی۔

درگاہ کے ذمے داروں نے اُنھیں بستی حضرت نظام الدین کی ایک تصویر پیش کی۔حضرت نظام الدین کی ایک تصویر پیش کی۔

حضرت نظام الدین کی درگاہ پر چادر چڑھانے کے بعد پاکستانی وزیرِ خارجہ بذریعہ طیارہ اجمیر گئیں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر حاضری دی۔

وہ اجمیر کے نزدیک گھگھرا ہیلی پیڈ پر اُتریں جہاں ضلع کلیکٹر منجو راجپال اور دیگر سرکاری اہل کاروں نے اُن کا خیرمقدم کیا۔

اجمیر میں تھوڑی دیر ٹھہرنے کے بعد وہ درگاہ پر گئیں جہاں اُنھوں نے چادر پیش کی۔ وہاں رکھے ہوئے رجسٹر میں اُنھوں نے لکھا کہ وہ دوبارہ حاضری دینے کی خواہش رکھتی ہیں۔ وہ 20منٹ تک وہاں رکیں۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG