رسائی کے لنکس

ہلری کلنٹن کی صدارتی امیدوار کی 'نامزدگی' پر پاکستانی خواتین کا ردعمل


ان کی ممکنہ نامزدگی کو امریکہ اور امریکہ سے باہر خواتین کی طرف سے سراہا جا رہا ہے۔ پاکستان میں خواتین کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ نامزدگی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

امریکہ میں رواں سال کے اواخر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں پہلی مرتبہ ملک کی ایک خاتون کو صدارتی اُمیدوار کی نامزدگی کے لیے درکار حمایت حاصل ہونے کا پاکستان میں خواتین نے خیرمقدم کیا ہے۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے نامزدگی کے لیے درکار مندوبین کی حمایت حاصل کرنے کے بعد ہلری کلنٹن ملک کی تاریخ میں پہلی خاتون اُمیدوار ہوں گی۔

پاکستان کی حکمران جماعت کی سینیٹر اور سینیٹ کے خارجہ اُمور کی کمیٹی کی سربراہ نزہت صادق نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ ’’میں یہ سمجھتی ہوں کی یہ ایک خوش آئند بات ہے کہیں پر بھی خواتین اس طرح آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں وہ بہت اہم ہے یہ بہت ضروری ہے ۔۔۔۔ کئی سالوں سے میں نے انھیں (کام) کرتے ہوئے دیکھا بھی ہے انہوں نے مختلف حیثیتوں میں کام کیا ہے۔۔۔ آپ میں سب لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت ہونی چاہیئے اور میں یہ سمجھتی ہوں کہ یہ صلاحیت ان میں موجود ہے اور باقی ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بھی ان کا کردار اچھا ہوگا‘‘۔

پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسبملی عائشہ گلالیی کہتی ہیں کہ ہلری کلنٹن کی اب تک کی کامیابی یقیناً دنیا بھر کی خواتین کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

’’میں اس کو بڑا سراہتی ہوں اور امریکہ میں پہلی بار ایک خاتون صدارتی امیدوار آئی ہیں، تو میں سمجھتی ہوں کہ ہلری کلنٹن اپنے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے امن کے لیے بہتر کام کریں گی‘‘۔

کوثر بانو ایک غیر سرکاری تنظیم سے وابستہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن کی باضابطہ طور پر صدارتی اُمیدوار کی نامزدگی سے دنیا بھر کی خواتین کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

’’خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونا چاہیئے تاکہ وہ پالیسیوں پر اثر انداز ہو سکیں۔ ہلری جب آئیں گی تو امریکہ کا جو کردار ہے ظاہر ہے وہ پوری دنیا کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور ساری دنیا میں ان کا اثر ہو گا اور اس سے حوصلہ افزائی ہو گی کہ ساری دنیا میں خواتین اعلیٰ عہدوں پر بیٹھ کر فیصلے کر سکتی ہیں‘‘۔

ہلری کلنٹن ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر چکی ہیں اور آئندہ ماہ ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی کنونشن میں ان کی نامزدگی کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG