رسائی کے لنکس

فلسطینی لڑکے کی تدفین کی تیاری


فلسطینیوں کو شبہ ہے کہ اس لڑکے کو گزشتہ ماہ لاپتا اور بعد ازاں قتل کر دیے جانے والے تین اسرائیلی لڑکوں کا بدلہ لینے کے لیے ہلاک کیا گیا۔

مشرقی یروشلم میں قتل ہونے والے فلسطینی لڑکے کی تجہیز و تکفین جمعہ کو ہو رہی ہے جب کہ اسرائیلی فورسز نے اس موقع پر ہونے والے مظاہروں سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

فلسطینیوں کو شبہ ہے کہ اس لڑکے کو گزشتہ ماہ لاپتا اور بعد ازاں قتل کر دیے جانے والے تین اسرائیلی لڑکوں کا بدلہ لینے کے لیے ہلاک کیا گیا۔

17 سالہ محمد ابو خدیر کو نامعلوم افراد نے بدھ کی صبح اغوا کیا اور اس کے چند گھنٹوں بعد اس کی لاش یروشلم کے جنگل سے برآمد ہوئی تھی۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ ہلاکت اسرائیلی لڑکوں کے قتل کا شاخسانہ ہے یا نہیں۔

ابو خودیر کی ہلاکت کے بعد فلسطینی نوجوانوں نے مختلف علاقوں میں مظاہرے کیے جہاں ان کی اسرائیلی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔

اسرائیلی لڑکوں کی گمشدگی کا الزام حماس پر عائد کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں نے بڑے پیمانے پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں اور اس دوران حماس کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا۔

اس ہفتے اسرائیل نے غزہ کے علاقے میں فضائی کارروائی بھی کی جو کہ اس کے بقول اسرائیلی علاقوں پر مبینہ طور پر حماس کی طرف سے راکٹ داغے جانے کے جواب میں کی گئی۔

ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساتھ اپنی سرحد پر اپنے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کرنا شروع کردیا ہے۔

امریکہ اور اقوام متحدہ نے اسرائیل اور فلسطین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو بڑھنے سے روکیں۔

XS
SM
MD
LG