رسائی کے لنکس

نیویارک: 10 سے 16 برس کے بچوں کی سمر یوتھ اکیڈمی کا اعلان


فائل
فائل

پولیس سمر یوتھ اکیڈمی کے دوران بچوں کو پولیس کے مختلف محکموں میں جاری سرگرمیوں کے علاوہ شہری پارکوں اور دیگر مقامات کا مفت دورہ بھی کرایا جائے گا؛ اور انھیں پولیس اہل کاروں کے ساتھ بات چیت اور رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا

پولیس اور عوام کے درمیان بہترین تعلقات کار کے قیام کے لئے نیویارک پولیس نے بچوں کے سالانہ سمر اکیڈمی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

نیویارک پولیس کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، چھہ ہفتوں کے لئے منعقد ہونے والی اس سمر یوتھ اکیڈمی کا آغاز اسکولوں کی تعطیلات کے آغاز کے فوری بعد ہوگا۔ تاہم، اس میں شرکت کے لئے 10 سے 16 سال کے بچوں اور بچیوں سے درخواستیں 29 مئی تک طلب کرلی گئی ہیں۔

پولیس کے اس سمر یوتھ اکیڈمی میں حصہ لینے والے بچوں کے لئے ہفتے میں پانچ دن کلاسیں ہوں گی جو صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک جاری رہیں گی، جس کے دوران، انھیں مختلف شہری قوانین، پولیس کی ذمہ داریوں اور مصلحتوں اور دیگر موضوعات پر لیکچر دئے جائیں گے۔

پولیس سمر یوتھ اکیڈمی کے دوران بچوں کو پولیس کے مختلف محکموں میں جاری سرگرمیوں کے علاوہ شہری پارکوں اور دیگر مقامات کا مفت دورہ بھی کرایا جائے گا اور انھیں پولیس افسران کے ساتھ بات چیت اور رابطہ قائم کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق، اس یوتھ سمر اکیڈمی کا مقصد نوعمر بچوں کو نہ صرف پولیس کے لئے خدمات انجام دینے پر راغب کرنا ہے، بلکہ انھیں پولیس کی ذمہ داریوں اور مصلحتوں سے آگاہ کرنا بھی ہے، تاکہ پولیس کے فرائض کی ادائیگی کو شہریوں میں قبولیت ملتی رہے۔ ساتھ ہی، پولیس کو تازہ دم نوجوانوں کے حصول میں بھی سہولت حاصل رہے۔

پولیس اور عوام کے درمیان حالیہ دنوں میں چند ناخوشگوار واقعات کے نتیجے میں درپیش مسائل کے تناظر میں ایسے پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے کہ جس میں پولیس کو عوام کے قریب جانے اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع مل سکے۔

XS
SM
MD
LG