رسائی کے لنکس

جارح کے خلاف سخت اقدام ہوگا: شمالی کوریا


کورین پیپلز آرمی کے جنرل اسٹاف کے ایک نامعلوم ترجمان کے مطابق، ’’امریکہ اور اس کی بحری افواج کے خلاف سخت ترین جوابی کارروائی کی جائے گی، اس بے رحمی کے ساتھ کہ جارح بچ کر نہیں جائے گا‘‘

شمالی کوریا کی فوج نے جمعے کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کا براہِ راست جواب دیا ہے، جنھوں نے ایک بار پھر اِس بات کا اعادہ کیا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری خطرات کو ’’دیکھ لیں گے‘‘، ایسے میں جب یہ خبریں عام ہیں کہ شمالی کوریا کسی بھی لمحے نیا جوہری تجربہ کرنے والا ہے۔

کورین پیپلز آرمی کے جنرل اسٹاف کے ایک نامعلوم ترجمان کے مطابق، ’’امریکہ اور اس کی بحری افواج کے خلاف سخت ترین جوابی کارروائی کی جائے گی، اس بے رحمی کے ساتھ کہ جارح بچ کر نہیں جائے گا‘‘۔

بیان، جسے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے، ’کورین سینٹرل نیوز ایجنسی‘ نے جاری کیا ہے، کہا گیا ہے کہ ’’موجودہ سنگین صورت حال میں، امریکہ کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے اور مسئلے کا مناسب حل نکل آئے گا‘‘۔

اس سے ایک ہی روز قبل، ٹرمپ نے اِن اطلاعات کا مؤثر جواب دیا جن میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا ہفتے کی صبح تک اپنے زیر زمین جوہری ہتھیار کا تجربہ کرے گا، جو ملک کے بانی، کِم اِل سونگ کی سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں بتایا کہ ’’شمالی کوریا ایک مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو دیکھ لیں گے‘‘۔

XS
SM
MD
LG