رسائی کے لنکس

بارہ ربیع الاول کی آمد آمد، ٹی وی اسکرین پر مذہب غالب


کچھ چینلز نے تو پہلی تاریخ سے ہی نعتیں، میلاد اور دیگر دینی معلومات پر مشتمل پروگرام دکھانا شروع کردیئے ہیں، جبکہ کچھ چینلز نے ابھی تک مٹھی بند کی ہوئی ہے

ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز پر ایک مرتبہ پھر مذہبی رنگ نمایاں ہو گیا ہے۔ تقریباً ہر چھوٹے بڑے چینل نے اس حوالے سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔

کچھ چینلز نے تو پہلی تاریخ سے ہی نعتیں، میلاد اور دیگر دینی معلومات پر مشتمل پروگرامز دکھانا شروع کردیئے ہیں، جبکہ کچھ چینلز نے ابھی تک مٹھی بند کی ہوئی ہے۔ وہ بارہ ربیع الاول سے ایک آدھ روز پہلے ہی پروگراموں پر سے پردہ اٹھائیں گے۔

’جیو‘ ٹی وی مذہبی پروگراموں کو جوش و جذبے کے ساتھ پیش کرنے میں پہل کرتا رہا ہے۔ اس کے زیادہ تر مذہبی پروگرامز کے لئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ہی سامنے آتے رہے ہیں۔ شب قدر ہو، رمضان میں افطار و سحر کے پروگرامز ہوں یا عیدمیلاد النبی۔۔تمام پروگرامز عامر لیاقت ہی پیش کرتے رہے ہیں۔ اس بار چینل نے عید میلادالنبی کے حوالے سے ان کے لیکچر ترتیب دیئے ہیں۔

عید میلاد کے فوری بعد، اُن کا ایک اور دینی معلومات کا پروگرام ’انعام گھر‘ شروع ہو رہا ہے، جس کا فارمیٹ رمضان میں پیش کئے گئے ایک پروگرام سے ملتا جھلتا ہے۔ اس میں آسان سوالوں پر انعامات دیئے جائیں گے۔

’جیو‘ کی طرح ہی ’ہم‘ ٹی وی بھی ربیع الاول کے حوالے سے خواتین کے لئے ایک خصوصی محفل میلاد دکھانے والا ہے۔ پروگرام کی ریکارڈنگ مکمل ہوچکی ہے۔ ’وائس آف امریکہ‘ کو ادارے کے ایک عہدیدار، سید منہاس صغیر نے بتایا کہ ’محفل میلاد‘ کو کراچی کے پانچ ستارہ ہوٹل پرل کونٹی نینٹل میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے لئے نہایت خوبصورت اور دیدہ زیب سیٹ تیار کرایا گیا تھا، جس پر خطیر رقم خرچ ہوئی۔ میلاد میں نایہ ناز خاتون نعت خوانوں نے حصہ لیاہے جن میں امِ حبیبہ، تابندہ لاری، فرحین قیصر، کشف، جویریہ سلیم، ثنا علی، ثمینہ کمال اور طلعت ہاشمی وغیرہ شامل ہیں۔

پروگرام کے دوران خوش بخت شجاعت نے اپنے مخصوص پُراثر اندازمیں موقع کی مناسبت سے روایات بھی بیان کیں۔

چینل پر ’محفل میلاد‘بطورِ خاص آئندہ منگل کو پیش کی جائے گی۔ اسی دن عیدمیلاد النبی ہے
XS
SM
MD
LG