رسائی کے لنکس

رپورٹرز ڈائری: کرونا وائرس اور دولہا ٹرک کا جلوس


جب میں نے ایک خاتون کو سڑک پر اس سجے سجائے ٹرک کے پیچھے بھاگ کر اسے عقیدت سے چومتے دیکھا تو حیرت کی انتہا نہ رہی۔ میں نے ایسا کرنے کی وجہ پوچھی تو وہ کہنے لگیں کہ یہ مجھے کرونا سے محفوظ رکھے گا۔

یہ افریقی امریکن خاتون ان عقیدت مندوں میں شامل تھیں جو اتوار کو میرے گھر کے نزدیک ایتھیوپین آرتھوڈوکس چرچ کے خاص جلوس کو دیکھنے کے اشتیاق میں گھر سے نکل آئے تھے۔ میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ واک کے لیے نکلی تھی۔ اس رنگین ٹرک اور اس کے آگے پیچھے گاڑیوں کے ہجوم نے ہمیں اپنی طرف متوجہ کر لیا۔

گاڑیوں کے جھرمٹ میں کسی دلہا کے مانند سجے ٹرک کو دیکھ کر پہلا خیال ذہن میں آیا، آہا!! عالمی وبا کے دوران شادی کا جلوس اور وہ بھی پورے زور و شور سے! لیکن شوہر نے کہا، ہولڈ یور ہورسز یعنی بی بی، اپنے خیالات کے گھوڑوں کو لگام دو۔ ہو سکتا ہے کہ یہ کسی کا جنازہ ہو۔

ایتھوپین مسیحیوں کا دعائیہ جلوس
please wait

No media source currently available

0:00 0:01:02 0:00

غور سے دیکھا تو ٹرک کے اوپر دو آدمی اگردانوں سے ہوا میں لوبان کا دھواں پھیلاتے نظر آئے۔ مزید غور سے لوگوں کے چہروں پر نظر ڈالی۔ خوش باش اور جوش سے دمکتے نظر آئے۔ کچھ ہمت ہوئی کہ جنازہ نہیں ہو سکتا۔

قریب سے گزرتی ایک گاڑی کو ہاتھ دے کر روکا اور پوچھا کہ ماجرا کیا ہے؟ جواب ملا، ہمارا تعلق آرتھوڈوکس ایتھیوپین چرچ سے ہے۔ یعنی قدامت پسند ایتھوپین چرچ سے جلوس کا مقصد دنیا کو کرونا کی وبا سے پاک کرنا ہے۔ میں نے پوچھا، یہ کیسے کریں گے آپ؟ جواب ملا، دعا کے ذریعے۔

میرے اندر کا رپورٹر جاگ اٹھا اور میرا رخ جلوس کی منزل کی جانب ہوگیا۔ شوہر اور بیٹا پیچھے سے آوازیں دیتے رہ گئے۔ گاڑیوں کا جلوس کچھ دور واقع اپارٹمنٹس کے کمپلیکس میں داخل ہوگیا۔

اس کمپلیکس میں بڑی تعداد میں افریقہ سے آئے تارکین وطن رہتے ہیں۔ ان کی اکثریت کم آمدنی والی ملازمتوں سے منسلک ہے۔ ٹرک آہستہ رفتار سے کمپلکس کا چکر لگانے لگا۔

ذرا دیر میں آس پاس کے اپارٹمینٹس کے ایتھیوپین باشندے نکل آئے۔ کچھ خواتین بھاگ کر ٹرک کے سامنے رکوع کی حالت میں جھکیں۔ بعض نے اس سے اگلتے دھوئیں کو گہرے گہرے سانوں کے ذریعے اپنے وجود میں شامل کرنے کی کوشش کی۔

میں حیرت سے یہ سب دیکھتی رہی۔ پھر اپنے برابر میں کھڑی خاتون سے پوچھا کہ آپ کے خیال میں اس سے کرونا وائرس کیسے دور ہوگا؟ انھوں نے کہا، یہ بتانا میرے لیے مشکل ہے۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ اس دعا سے ہم کرونا سے محفوظ ہوجائیں گے۔

XS
SM
MD
LG