رسائی کے لنکس

روس ایران کے خلاف نئى پابندیوں پر غور کرنے پر آمادہ


روسی صدر دمتری مَیڈ وی ڈَیف
روسی صدر دمتری مَیڈ وی ڈَیف

روسی صدر دمتری مَیڈ وی ڈَیف نے کہا ہے کہ اگر ایران کو سمجھا بُجھا کر یورینیم کو افزودہ کرنےسے باز رکھنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں تو اُن کا ملک اُس کے خلاف نئى پابندیوں پر غور کرنے کے لیے تیار ہوگا۔

مغربی ممالک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ایرانی حکومت کو اُس کے جوہری پروگرام کی بِنا پر مزید سزا دے۔ لیکن روس زیادہ سخت پابندیوں کی حمایت کرنے سے ہچکچاتا رہا ہے۔

مسٹر مَڈ وی ڈیف نے پیر کے روز پیرس میں فرانس کے صدر نکولا سارکوزی کے ہمراہ ایک میٹنگ کے حاشیے پر ماسکو کے موقف میں اس تبدیلی کا ذکر کیا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پُر امن مقاصد کے لیے ۔ لیکن ایٹمی توانائى کی بین الاقوامی ایجنسی یا آئى اے ای اے کے نئے سربراہ یُو کِیا امانو نے پیر کے روز کہا ہے کہ اس بات کی تصدیق کرنا ناممکن ہے کہ آیا وہ جو کچھ کہہ رہا ہے وہ سچ ہے۔ اس لیے کہ تہران ایجنسی کے ساتھ تعاون نہیں کررہا ہے۔

ایران کے وزیرِ خارجہ منو چہر متّکی نے کہا ہے کہ تہران نے آئى اے ای اے کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور وہ آئندہ بھی ایسا ہی کرتا رہے گا۔

امانو نے وی آنا میں ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز سے اپنے پہلے خطاب میں ایران پر نکتہ چینی کی ہے ۔

آئى اے ای اے نے پچھلے مہینے پہلی بار کہا تھاکہ ہوسکتا ہے کہ ایران کوئى جوہری بم بنانے کی کوشش کررہا ہو۔

XS
SM
MD
LG