رسائی کے لنکس

پاکستان میں زلزلے سے چھ افراد ہلاک


یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پاکستان اور افغانستان میں آنے والے 7.5 شدت کے زلزلے کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان میں 400 افراد ہلاک ہوئے۔

پاکستان میں اتوار کو آنے والے شدید زلزلے سے ملک میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

زلزلے کا مرکز شمال مشرقی افغانستان میں واقع کوہ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں 236 کلو میٹر زیر زمین بتایا گیا تھا اور اس کے جھٹکے افغانستان، بھارت سمیت کئی قریبی ممالک میں محسوس کیے گئے تھے۔

پاکستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے 'این ڈی ایم اے' نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ زلزلے سے صوبہ خیبر پختونخواہ میں پانچ جب کہ گلگت بلتستان میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

جب کہ زلزلے سے درجنوں مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اتوار کو آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹرر اسکیل پر 7.1 تھی جب کہ امریکی جیالوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی تھی۔

زلزلے کے باعث لوگ خوف و ہراس کے باعث اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کافی دیر تک کھلے آسمان تلے رہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی پاکستان اور افغانستان میں آنے والے 7.5 شدت کے زلزلے کی وجہ سے پاکستان اور افغانستان میں 400 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ہزاروں گھر بھی تباہ ہو گئے۔

پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے علاوہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی ادارے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ زلزلے کے باعث ہونے والے نقصانات پر نظر رکھیں۔

ملک میں زلزلے کے جھٹکے ایسے وقت محسوس کیے گئے جب پاکستان میں خاص طور پر شمال مغربی علاقوں میں حالیہ بارشوں، سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

بارشوں کے انھی سلسلوں کے سبب پاکستان اور چین کو ملانے والی شاہراہ قراقرم سمیت صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف دور دراز علاقوں میں کئی سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جنہیں بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

XS
SM
MD
LG