رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے لیے امداد اور رابطے معطل کر دیے


جمعہ کو جنوبی کوریا نے اپنے ہاں سے پروپیگنڈا نشریات بھی غیرفوجی علاقے کے لیے بحال کردیں۔

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ پیانگ یانگ کی طرف سے رواں ہفتے کیے گئے جوہری تجربے کے ردعمل میں شمالی کوریا کے لیے اپنی امداد عارضی طور پر معطل اور آپسی تبادلوں کو محدود کر رہا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت یونیفیکیشن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ تازہ جوہری تجربہ ایک "سنگین اقدام" تھا جس نے جزیرہ نما کوریا کے امن اور خطے کے استحکام کو متاثر کیا۔

عہدیدار کا مزید کہنا تھا اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کائیسونگ صنعتی کمپلیکس میں اپنے شہریوں کے داخلے کو بھی محدود کرے گی۔ اس کمپلیکس میں پچاس ہزار شمالی کوریائی باشندے جنوبی کوریا کی 120 فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں۔

حکومت صرف ان جنوبی کوریائی کاروباری شخصیات یا کارکنوں کو یہاں جانے کی اجازت دے گی جو براہ راست یہاں کی فیکٹریوں سے وابستہ ہیں۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ جنوبی کوریا اپنے شہریوں پر اس صنعتی کمپلیکس میں داخلے کے لیے جزوی پابندی عائد کر رہا ہے۔ 2013ء میں پیانگ یانگ کی طرف سے تیسرے جوہری تجربے کے بعد ہی سیول نے ایسا ہی اقدام کیا تھا۔

اسی دوران جمعہ کو جنوبی کوریا نے اپنے ہاں سے پروپیگنڈا نشریات بھی غیرفوجی علاقے کے لیے بحال کردیں۔

قومی سلامتی کے لیے صدر کے ایک اعلیٰ عہدیدار چو تائی یونگ نے صحافیوں کو بتایا کہ پیانگ یانگ کا جوہری تجربہ 25 اگست کو ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی تھا۔

اس معاہدے کے تحت جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو کم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG