رسائی کے لنکس

مسیحیوں کے حقوق کا تحفظ ترجیح ہونی چاہیے: امریکی سروے


فائل
فائل

سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہری آزادیوں کے خاتمے کے مسئلے پر امریکی عوام اب بھی واضح تفریق کا شکار ہیں۔

رائے عامہ کے ایک نئے جائزے کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت نے ملک میں مسیحیوں کے حقوق کے تحفظ کو کسی بھی دوسرے مذہب کے مقابلے میں زیادہ ترجیح دینے کی حمایت کی ہے۔

'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے 'این او آر سی سینٹر فار پبلک افیئر ریسرچ' کے سروے میں رائے دینے والے 82 فی صد افراد کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مسیحیوں کو اپنے مذہبی عقائد پر عمل دآمد کی مکمل آزادی ان کے نزدیک انتہائی اہم معاملہ ہے۔

سروے میں جب یہی سوال یہودیوں کے بارے میں کیا گیا تو عوام کا تناسب کم ہوکر 72 فیصد رہ گیا۔ 67 فی صد افراد نے مرمنز کے لیے مکمل آزادی کی حمایت کی جب کہ مسلمانوں کے بارے میں اس خیال کے حامی 61 فیصد تھے۔

سروے کے مطابق کیلی فورنیا میں ایک مسلمان جوڑے کی جانب سے فائرنگ کی حالیہ واردات کے بعد امریکیوں میں مذہبی دہشت گردی سے متعلق تشویش میں اضافہ ہوا ہے لیکن سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہری آزادیوں کے خاتمے کے مسئلے پر امریکی عوام اب بھی واضح تفریق کا شکار ہیں۔

سروے سے معلوم ہوا ہے کہ 54 فی صد امریکیوں کی رائے ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں حکومت کو بعض شخصی آزادیوں اور حقوق کو قربان کرنا ہوگا لیکن 45 فی صد نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا۔

سروے کے مطابق کل 56 فیصد امریکی شہری حکومت کی جانب سے بغیر کسی انتباہ کے انٹرنیٹ صارفین کی سرگرمیوں اور چیٹنگ کی نگرانی کے حامی ہیں خواہ اس کا مطلب یہ لیا جائے کہ امریکی حکومت اپنے شہریوں کی جاسوسی کر رہی ہے۔ صرف 28 فی صد نے اس طرح کی جاسوسی کی مخالفت کی۔

امریکی خفیہ ادارے 'نیشنل سیکورٹی ایجنسی' کے سابق اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کے انکشافات کے بعد سے امریکی حکومت کو اپنے شہریوں کے آن لائن اور ٹیلی فون ڈیٹا کی نگرانی پر سخت عوامی ردعمل کا سامنا رہا ہے۔

لیکن سروے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں شدت پسند تنظیم داعش کے احیا اور کیلی فورنیا میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد شہری حقوق کے تحفظ سے متعلق تشویش اب سلامتی سے متعلق تشویش میں تبدیل ہورہی ہے۔

اب 20 فیصد امریکی اس تشویش میں مبتلا ہیں کہ ان کے خاندان کا کوئی فرد دہشت گرد حملے کا شکار ہوسکتا ہے۔ یہ 20 فیصد تناسب تین سال پہلے کیے گئے سروے کے مقابلے میں دو گنا ہے۔

سروے کے مطابق مسلمانوں میں انتہا پسندی کے رجحانات سے ڈیموکریٹس کے مقابلے میں ری پبلکن زیادہ تشویش میں مبتلا ہیں اور 47 فی صد ڈیموکریٹس کے مقابلے میں 67 فیصد ری پبلکن مسلم انتہاپسندی کے خطرے کو زیادہ محسوس کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG