رسائی کے لنکس

سوات میں آرمی یونٹ پر خودکش حملے میں 11 فوجی ہلاک


سوات میں فوج کی ایک چیک پوسٹ، فائل فوٹو
سوات میں فوج کی ایک چیک پوسٹ، فائل فوٹو

علی رانا

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ میں سوات کی تحصیل کبل میں پاکستان آرمی یونٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 11 سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملہ کیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش حملہ آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا۔

خودکش حملے کا نشانہ بننے والوں میں ایک افسر بھی شامل ہے۔

دھماکہ کے بعد امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کی طرف سے اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی گئی کہ ایک حملہ آور اسپورٹس ایریا کے اندر داخل ہونے میں کیسے کامیاب ہوا ۔

سوات مالاکنڈ ڈویژن کا حصہ ہے جو ایک عرصہ تک شورش کا شکار رہا ہے اور کالعدم تحریک طالبان کے تمام لیڈر اسی علاقہ میں روپوش رہے۔

سال 2009 میں اس علاقہ میں موجود دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے پاک فوج کی طرف سے ایک بڑا آپریشن کیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ علاقہ دہشت گردوں سے خالی کروالیا گیا۔

سوات کا علاقہ سیاحوں کے لیے ایک پرکشش علاقہ سمجھا جاتا ہے اور دنیا بھر سے سیاح وہاں کے خوبصورت دریا اور سرسبز پہاڑی مقامات اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG