رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ: انتخابات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ


عبوری وزیر ِاعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ بدھ کو عبوری حکومت اور الیکشن کمیشن کی متوقع ملاقات میں عام انتخابات کے لیے 20 جولائی کی تاریخ طے کر لی جائے گی

تھائی لینڈ کی حکومت کے خلاف بنکاک پارک میں مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ کچھ عرصے سے مظاہرین تھائی لینڈ کی حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں؛ اور یہ مظاہرے اب ایک باقاعدہ تحریک کی شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

دوسری طرف، تھائی لینڈ کے عبوری وزیر ِاعظم نیوا تھام رونگ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تھائی لینڈ کے لیے آگے بڑھنے کا واحد راستہ انتخابات کے سوا اور کچھ نہیں۔

تھائی لینڈ کے عبوری وزیر ِاعظم نیواتتھا مرونگ، جنہوں نے گذشتہ ہفتے امور ِحکومت سنبھالے تھے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ان لوگوں کے خلاف کوئی اقدام نہیں اٹھائے گی جو حکومت مخالف تحریک کی راہنمائی کر رہے ہیں۔

تھائی لینڈ کے عبوری وزیر ِاعظم کے الفاظ: ’ہم تشدد سے گریز چاہتے ہیں۔ ہم یہ نہیں چاہتے کہ ہلاکتیں ہوں۔ ہم یہ بھی نہیں چاہتے کہ کوئی زخمی ہو‘۔

عبوری وزیر ِاعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ، ’قانون کی رُو سے ہم پابند ہیں کہ نئی حکومت کے انتخاب تک امور ِحکومت چلائیں‘۔

نیواتتھا مرونگ نے امید ظاہر کی کہ عبوری حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بدھ کو متوقع ملاقات میں ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے 20 جولائی کی تاریخ طے کر لی جائے گی۔

دوسری جانب تھائی لینڈ کی حزب ِاختلاف کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ابھی تک اس بات کی نشاندہی نہیں کی گئی، آیا وہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین کے راہنما سدیپ توگ سوبن نے عبوری حکومت کے قیام کو رد کیا ہے۔
XS
SM
MD
LG