رسائی کے لنکس

تھائى لینڈ: مظاہرے اور دھماکے، تین شخص ہلاک 70 سے زیادہ زخمی


تھائى لینڈ میں مظاہرات
تھائى لینڈ میں مظاہرات

تھائى لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہسپتالوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے مخالف احتجاجی مظاہرین کے ایک کیمپ کے قریب متعدد دھماکوں میں کم سے کم تین افراد ہلاک ہوگئے۔

شہر کے مصروف کاروباری علاقے میں، جو مسلح فوجیوں اور احتجاج کرنے والے مختلف گروپوں سے بھرا ہوا ہے، جمعرات کے روز اُس کیمپ میں 70 سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ، علاقے میں کم سے کم پانچ دستی بم پھٹے تھے اور اس کے نتیجے میں ایک قریبی ریلوے سٹیشن کو بند کردیا گیا۔

احتجاجی مظاہرین نے وسطی بنکاک پر کئى ہفتوں سے قبضہ کیا ہوا ہے اور اس صورتِ حال پر عام شہریوں اور تاجروں کا پیمانہ صبر لبریز ہوتا جارہا ہے۔ جمعرات کے روز ایسے ہی لوگوں کے ایک اتحاد نےشہر میں شاپنگ اور سیاحوں کے لیے اس اہم علاقے سے سُرخ پوش مظاہرین کو زبردستی نکال باہر کرنے کی کوشش کی ۔ تاہم پولیس نے دونوں فریقوں کو ایک دوسرے سے الگ کردیا۔

سُرخ پوشوں کے مظاہرے پانچ ہفتے سے جاری ہیں۔وہ وزیرِ اعظم ابھیسِت وِجاجیوا کے استعفے اور نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

سُرخ پوشوں یا ریڈ شرٹس کے مخالفین نے ، جو خود کو” رنگ برنگی قمیصیں“ کہتے ہیں جمعے کے دن ایک عوامی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG