رسائی کے لنکس

برطانیہ: سرکاری اسکولوں کے طلبا کی امتحانات پر بہتری کارکردگی


ایک تجزیہ سے پتا چلا ہے کہ ملک کے 500 معروف سرکاری اسکولوں نے 500 بہترین نجی اسکولوں کے مقابلے میں امتحانات میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

برطانیہ کے معروف سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے امتحانی لیگ ٹیبل پر پرائیوٹ اسکولوں سے سبقت لے لی ہے۔

سرکاری محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کئے جانے والے ایک تجزیہ سے پتا چلا ہے کہ ملک کے 500 معروف سرکاری اسکولوں نے 500 بہترین نجی اسکولوں کے مقابلے میں امتحانات میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تجزیےکے مطابق سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے ہر ایک طالب علم کا اوسط اسکور پرائیوٹ اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

ٹیلی گراف کی خبر کے مطابق سرکاری اعداد و شمارکے تجزیہ کی بنیاد پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک کے ایک فیصد سرکاری اسکول یا 21 اسکولوں نے 98 فیصد ہرائیوٹ اسکولوں یا 512 اسکولوں کے مقابلے میں امتحانات میں زیادہ بہتر رزلٹ حاصل کیا۔

رپورٹ کے مطابق جب فی طالب علم کے اوسط اسکور کا تجزیہ کیا گیا تو پتا چلا کہ ملک کے پانچ سو معروف سرکاری اسکولوں کا اوسط اسکور 883 ہے ،جب کہ اس کے مقابلے میں پانچ سو نجی اسکولوں کے فی طالب علم کا اوسط اسکور 845 رہا۔

اسی طرح نتائج سے یہ بھی پتا چلا کہ ملک کے 20 معروف اسکولوں میں سے پرائیوٹ اسکولوں کی تعداد صرف چار ہے۔

اعلی کارکردگی دکھانے والے سرکاری اسکول کول چیسٹر گرامر اسکول کے ہر طالب علم کے اوسط پوائنٹس کی بنیاد پر اسکول نے 1430 کا اسکور حاصل کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کی، اسی طرح گرے کوٹ ہاسپٹل اسکول جہاں وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی صاحبزادی زیر تعلیم ہے 809 کا اوسط اسکور حاصل کرکے ملک کے معروف اسکولوں کی صف میں شامل ہے۔

نجی اسکولوں کی کونسل کے چیئرمین بارنا بی لینون نے کہا کہ ان کے لیے نتائج حیران کن نہیں کیونکہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ سرکاری اسکولوں کے اساتذہ زیادہ موثر ہیں خاص طور پر طالب علموں کی امتحانات کی تیاری زیادہ موثر طریقے سے کرا رہے ہیں۔

اگرچہ ’جی سی ایس ای‘ یا میٹرک بورڈ کے امتحانات میں سرکاری اسکولوں نے پرائیوٹ اسکولوں پر سبقت حاصل کی ہے لیکن پچھلے ہفتے اے لیول کے نتائج کے اعداد وشمار کے تجزئیے سے ثابت ہوا تھا کہ نجی اسکولوں کے طالب علموں نے لیگ ٹیبل پر سرکاری سکستھ فارم کالج یا اسکولوں کے طلبہ سے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔

XS
SM
MD
LG