رسائی کے لنکس

مالیاتی بحران کے باعث امریکی بازارِ حصص میں مندی


مالیاتی بحران کے باعث امریکی بازارِ حصص میں مندی
مالیاتی بحران کے باعث امریکی بازارِ حصص میں مندی

امریکہ میں قرضے کے بحران پہ حکومت اور حزبِ مخالف کے درمیان جاری مذاکرات کی ممکنہ ناکامی کے خدشے کے پیشِ نظر سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کی فضا پائی جاتی ہے۔

ہفتے کے آغاز پر پیر کو ہونے والے ابتدائی کاروبار کے دوران امریکی بازارِ حصص میں دو فی صد کی کمی دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ سرمایہ کاروں میں معاشی مسقبل کے حوالے سے پائی جانے والے بے چینی اور غیر یقینی کو قرار دیا جارہا ہے۔

اس سے قبل یورپی مارکیٹوں میں اس سے کہیں زیادہ مندی ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ ایشیائی مارکیٹوں میں بھی پیر کو مندی کا رجحان رہا۔

لیکن اس کے برعکس امریکہ میں 'ہاؤسنگ سیکٹر' کی جانب سے ایک اچھی خبر موصول ہوئی ہے جس کے باعث امریکہ کی سست شرحِ نمو میں کچھ تیزی کا امکان پیدا ہوا ہے۔

امریکہ کی 'نیشنل ایسوسی ایشن آف ریٹیلرز' کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران امریکہ میں رہائشی عمارات کی فروخت میں 4ء1 فی صد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں پہلے سے آباد گھروں کو بھی شمار کیا گیا ہے جو 'ہاؤسنگ مارکیٹ' کا ایک بڑا حصہ تشکیل دیتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق اگر اکتوبر میں گھروں کی فروخت کی شرح آئندہ پورے ایک برس تک برقرار رہی تو اس کے نتیجے میں امریکہ میں ایک سال کے دوران 50 لاکھ گھروں کی خرید و فروخت ہوگی۔

یاد رہے کہ امریکہ میں 'ہاؤسنگ' شعبے کو درپیش مشکلات نے حالیہ معاشی بحران کو شدید بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جس کے بعد سے گھروں کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں۔

لیکن کم قیمتوں اور کم شرحِ سود کے باعث مارکیٹ کو کساد بازاری سے باہر آنے میں مدد مل رہی ہے تاہم اس کی رفتار بہت سست ہے۔

XS
SM
MD
LG