رسائی کے لنکس

نیویارک: دہشت گردی کی سازش، ایک اور ملزم پر فردِ جرم عائد


عدالتی اسکیچ
عدالتی اسکیچ

عدالت میں پیش کردہ کاغذات سے پتا چلتا ہے کہ سعیداختموف کو جان ایف کنیڈی ایئرپورٹ پر اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ ترکی کے شہر استنبول جانے کے لیے طیارے میں سوار ہو رہے تھے

داعش کے شدت پسندوں کو مادی اعانت فراہم کرنے کی سازش کے مقدمے میں نیویارک سٹی کے چوتھے شخص کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔

وفاقی اور مقامی حکام نے پیر کو اس بات کا اعلان کیا کہ گرینڈ جیوری نے تین دیگر ملزمان کے ساتھ، 26 برس کے دلخایت قاسموف پر بھی فردِ جرم عائد کی، جنھیں فروری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

قاسموف پر ابرار حبیبوف نامی دوسرے شخص کے ساتھ کام کرنے کا الزام ہے، جو اخرار سعیداختموف کی امداد کے لیے 1600 ڈالر اکٹھے کرنے کا کام کر رہے تھے، جن کا مقصد داعش کے انتہا پسند اسلامی گروہ میں شامل ہونے کی غرض سے شام کے سفر پر روانہ ہونے میں مدد دینا تھا۔

عدالت میں پیش کردہ کاغذات سے پتا چلتا ہے کہ سعیداختموف کو جان ایف کنیڈی ایئرپورٹ پر اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ ترکی کے شہر استنبول جانے کے لیے طیارے میں سوار ہو رہے تھے۔

استغاثہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مزید چھان بین میں قاسموف سے الیکٹرونک پیغامات بھی برآمد ہوئے ہیں، جن میں دوسروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھی ’پُرتشدد جہاد‘ میں شریک ہوں۔

قصوروار ٹھہرائے جانے کی صورت میں، اُن کو کُل 30 برس کی قید ہوسکتی ہے۔

بدھ کو عدالت میں اُن کی پہلی پیشی ہوگی۔

امریکی اٹارنی، لِنچ کے بقول، دہشت گردی کا حامی یہ نیٹ ورک، جس میں یہ ملزم (قاسموف) شامل تھا، رقوم اکٹھی کرنے کے کام، سفری انتظام، اور داعش اور دیگر غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرنے سے وابستہ تھا۔

XS
SM
MD
LG