رسائی کے لنکس

امریکی معیشت میں ایک لاکھ 62 ہزار نوکریوں کا اضافہ


امریکی معیشت میں ایک لاکھ 62 ہزار نوکریوں کا اضافہ
امریکی معیشت میں ایک لاکھ 62 ہزار نوکریوں کا اضافہ

پچھلےہفتے جاری ہونے والے ایک معاشی سروے کے مطابق امریکی معاشی بحالی بہتری کی راہ پرگامزن ہے۔ لیبر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مارچ کے مہینے میں ایک لاکھ62 ہزار نوکریوں کا اضافہ ہوا ہے۔ معاشی انحطاط شروع ہونے کے بعد سے نوکریوں میں یہ سب سے زیادہ ماہانہ اضافہ ہے۔

تقریبا تین سال میں پہلی بار پچھلے مہینے اتنی تعداد میں امیریکی نوکریاں پانے میں کامیاب رہے۔ پھر بھی یہ تعداد تجزیہ کاروں کی توقعات سے کم تھی۔

ماہر معاشیات جان رائیڈنگ کا کہنا ہے نئی نوکریوں میں وہ 48 ہزار عارضی نوکریاں بھی شامل ہیں جو کہ امریکی مردم شماری کے لیے پیدا کی گئی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ میرے خیال میں اگلے دو مہینے تک مردم شماری کی وجہ سے پیدا ہونے والی عارضی نوکریوں میں اضافہ ہوتا رہے گا۔

لیکن تجزیہ کاروں کے مطابق نوکریاں چاہے عارضی ہوں یا مستقل، اسکا مطلب مجموعی قابل خرچ آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے۔

پچھلے پانچ ہفتوں میں کئی بڑے اسٹاک ایکسچینجوں کے انڈیکس میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسکے علاوہ مصنوعات کے بڑے آرڈرز میں بھی تیزی آئی ہے۔

حتی کہ موٹر گاڑیوں کی فروخت میں س37 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ اور اس میں کوئی حکومتی ترغیب بھی شامل نہیں تھی۔

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک بیٹری پلانٹ کے مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے معیشت میں بہتری کا کریڈٹ اپنی پالیسیوں کو دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سال کی پہلی چوتھائی کے دوران ہر مہینے اوسطا پچاس ہزار نئی نوکریاں پیدا کی ہیں۔ اور اس مہینے کی ایک لاکھ62 ہزار نئی نوکریاں پچھلے دو سال میں نوکریوں کے حوالے سے بہترین خبر ہے۔

لیکن اس اچھی خبر کے باوجود بے روزگاری کی مجموعی شرح میں کوئی کمی نہیں ہوئی اور وہ 9.7 ہی رہی۔

چارلس ہرمن اے بی سی نیوز میں بزنس تجزیہ کار ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ واضح طور پر ایک تشویش کی بات ہے۔ بے روزگاری میں مجموعی کمی اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تکہ کئی مہینوں تک ہر مہینے تین لاکھ نئی نوکریا ں نہ پیدا ہوں۔

نوکریوں کی ماھانہ رپورٹ کے مطابق مینوفیکچرنگ میں سترہ ہزار نئے جابز شامل ہوئے ہیں۔ جبکہ خدمات کے شعبےمیں بائیس ہزار اور تعمیر ی صنعت میں 15 ہزار نئی نوکریوں کا اضافہ ہوا ہے۔ لیکن ابھی بھی کئی امریکی جز وقتی کام کررہے ہیں اور فی گھنٹہ اجرت میں دو سینٹ کی کمی اور فی ہفتہ اوسط کام میں اضافہ ہوا ہے۔

چھ مہینوں بے روزگار لوگوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اور ان لوگوں کی تعداد میں بھی ایک فی صد کا دسویں حصے کا اضافہ ہوا ہے جنہوں نے کام کی تلاش ہی ترک کردی ہے۔

XS
SM
MD
LG