رسائی کے لنکس

وینا ملک بھارت میں لاپتا


وینا ملک بھارت میں لاپتا
وینا ملک بھارت میں لاپتا

مختلف تنازعات اور اسکینڈلز سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک بھارتی شہر ممبئی سے اچانک لاپتا ہوگئی ہیں۔

ان کے مینیجر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جمعہ کی صبح سے وینا سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوپایا اور اداکارہ کا فون بھی بند جارہا ہے۔

وینا ملک ان دنوں ایک بھارتی فلم’’ممبئی 125 کلومیٹر‘‘ میں کام کررہی ہیں جس کی شوٹنگ ممبئی کے قریب گورگاؤں میں ہورہی تھی۔

اس فلم کے پروڈیوسر ہمنت مدھوکر نے پاکستانی ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وینا جمعہ کی صبح شوٹنگ کے بعد وہاں سے چلی گئیں اور دوپہر میں انھیں موبائیل فون پر ایک پیغام ملا جس میں اداکارہ نے شوٹنگ پر توجہ مرکوز نہ رکھ سکنے کی معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہت پریشان ہیں۔

وینا ملک کے بھارت میں مینیجر پراتیک مہتا کا کہنا ہے کہ وہ ایک روز قبل سے ہی ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انھیں اس بارے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

رواں ماہ کے اوائل میں ایک بھارتی میگزین کے سرورق پر وینا ملک کی عریاں تصویر کے معاملے پر یہ اداکارہ ایک بار پھر ذرائع ابلاغ میں موضوع بحث بنی نظر آئیں اور پاکستان میں ان پر کڑی تنقید کی گئی۔ اس تصویر میں وینا کے بازو پر ملک کی فوجی انٹیلی جنس ایجنسی ’’آئی ایس آئی‘‘ کا نام بھی لکھا ہوا ہے۔

وینا اس تصویر کے اصلی ہونے سے انکاری ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے میگزین کے لیے تصاویر ضرور بنوائیں مگر وہ ’عریاں‘ نہیں تھیں۔

XS
SM
MD
LG