رسائی کے لنکس

امریکہ: فوجیوں کو حاصل مراعات محفوظ بنانے کی کوشش


صدر اوباما کے تعلیمی حکم نامے کا مقصد ان نفع بخش کالجوں اور جامعات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو فوجی خاندانوں کو حکومت کی جانب سے دیے جانے والے قرضوں پر تعلیم دینے کی پیش کش کرتے ہیں

امریکہ کے صدر براک اوباما ایک انتظامی حکم نامہ جاری کر رہے ہیں جس کا مقصد حاضر سروس اور سابق فوجیوں کو حاصل تعلیمی مراعات کو جعلی تعلیمی اداروں سے محفوظ بنانا ہے۔

صدر اوباما خاتونِ اول مشیل اوباما کے ہمراہ جمعے کو جنوبی ریاست جارجیا کے 'فورٹ اسٹیورٹ آرمی' فوجی مرکز کا ورہ کریں گے جہاں وہ اس حکم نامے پر دستخط کرنے کے علاوہ فوجیوں سے خطاب بھی کریں گے۔

حکم نامے کے ذریعے تعلیمی اداروں کے 'ایڈمیشن' حکام کے فوجی مراکز کے دورے محدود کرنے کے علاوہ کالجوں کو پابند کیا جارہا ہے کہ وہ سابق اور حاضر سروس فوجیوں کو مختلف مضامین میں داخلے دینے سےقبل انہیں اپنے بارے میں مکمل معلومات فراہم کریں۔

حکم نامے کا مقصد ان نفع بخش کالجوں اور جامعات کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو فوجی خاندانوں کو حکومت کی جانب سے دیے جانے والے قرضہ جات پر تعلیم دینے کی پیش کش کرتے ہیں۔

حکومت فوجی خاندانوں کو یہ تعلیمی اعانت 'جی آئی بِل' کے عنوان سے معرف پروگرام کے تحت دیتی ہے۔

مجوزہ حکم نامے میں تعلیمی اداروں کو پابند کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹوں پر بھی 'جی آئی بِل' کی اصطلاح کا استعمال محدود کریں تاکہ اسے سابق فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو لبھانے اور بے وقوف بنانے کے لیے استعمال نہ کیا جاسکے۔

صدر اوباما جارجیا کا یہ دورہ اپنی باضابطہ انتخابی مہم شروع کرنے سے ایک ہفتہ قبل کر رہے ہیں جس کا آغاز ورجینیا اور اوہائیو میں انتخابی جلوسوں کے انعقاد سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG