رسائی کے لنکس

قندھار کا نائب میئر حملے میں ہلاک


قندھار کا نائب میئر حملے میں ہلاک

قندھار کا نائب میئر حملے میں ہلاک

افغانستان میں عسکریت پسندوں نے جنوبی شہر قندھار کے نائب میئر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق حملہ پیر کی رات اس وقت ہوا جب عزیز اللہ یرمال دوسرے افراد کے ہمراہ نماز ادا کر رہے تھے اور مسلح افرادنے مسجد میں داخل ہو کر ان پر فائرنگ کی۔کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے اور کوئی گرفتاریاں عمل میں نہیں لائی جا سکیں۔

قندھار شہر سے ملحقہ قندھار صوبے کے ترجمان زلمے ایوبی نے کہا ہے کہ نائب میئر کا قتل افغانستان کے دشمنوں کی کارروائی ہے جو یہ نہیں چاہتے کہ دیانتدار لوگ حکومت میں رہ کر عوام کی خدمت کریں۔

ان کے مطابق عزیز اللہ یرمال کا قتل جنوبی افغانستان میں حکومتی اہل کاروں کے قتل کی اس مہم کی کڑی ہے جس کا مقصد ان کے مطابق سرکاری عمل داری کو کمزور کرنا اور باصلاحیت افراد کو خوف زدہ کر کے اس بات پر مجبور کرنا ہے وہ حکومت کا ساتھ چھوڑ دیں۔

ترجمان کے مطابق یرمال کی نہ تو کسی سے دشمنی تھی اور نہ ہی وہ کسی تنازعے میں شریک تھا بلکہ شہر کے اندر سڑکوں کی تعمیرسمیت کئی دوسرے ترقیاتی کاموں میں سرگرم تھا۔

یہ علاقہ طالبان جنگجوؤں کا گڑھ رہا ہے اور ان کا اب بھی یہاں پر بہت اثر و ر سوخ موجود ہے۔

نائب میئر کا قتل ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب قندھار میں فوجی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG