رسائی کے لنکس

’وار‘ کی بے پناہ کامیابی کے بعد سیکوئل کی تیاریاں


’وار‘ کی بے پناہ کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب اس کا سیکوئل ’وار ٹو‘ کے نام سے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو سنہ 2015 می ریلیز کیا جائے گا

کراچی ۔۔۔ پاکستان سنیما طویل مدت کے بعد اب دھیرے دھیرے دوبارہ ترقی کی سمت بڑھ رہا ہے۔ اسے صحیح سمیت عطا کرنے میں جہاں اور کئی فلموں کا اہم کردار ہے، وہیں تاریخ میں ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم ”وار “کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ 200 کروڑ روپے کا نزنس کرنا کسی بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے ایک اعزاز ہے جو شاید ٹوٹتے ٹوٹتے بہت سا وقت لے لے۔

’وار‘ کی بے پناہ کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب اس کا سیکوئل ’وار ٹو‘ کے نام سے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو سنہ 2015 می ریلیز کیا جائے گا۔

پاکستان کے مقامی میڈیا میں ’وار‘ کے حوالے سے یہ خبریں گرم ہیں کہ فلم جلد ہی برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی نمائش کے لئے پیش کی جائے گی، جبکہ یہ بھی سنا جارہا ہے کہ اسے محدود پیمانے پر بھارت میں بھی ریلیز کیا جاسکتا ہے۔

فلم کی کہانی ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف سیکورٹی اداروں کی کارروائی کے گرد گھومتی ہے۔ ڈسٹری بیوشن کے کاروبار سے جڑے افراد نے اپنی شناخت کو ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ فلم نے پانچ ہفتوں میں 200145809 روپے کما چکی ہے، جبکہ یہ اب بھی مختلف سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ فلم کی کمائی کا گراف مزید اونچا ہوگا۔

پاکستان میں سینما انڈسٹری کے دوبارہ عروج پرآنے کے بعد بہت سے سرمایہ کار انڈسٹری کا رخ کر رہے ہیں۔ عوام میں بھی سینما گھروں میں جا کر فلم دیکھنے کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان باتوں سے محسوس ہو رہا ہے کہ سنہ 2015تک پاکستان میں سینما گھروں کی تعداد 200تک پہنچ جائے گی اور جس وقت ’وار‘ کا سیکوئل ریلیز ہوگا، اس وقت تک فلم اندسٹری مکمل طور پر بدل چکی ہوگی۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اس وقت فلمیں 200 کروڑ سے بھی زیادہ کا بزنس کرنے کی قطار میں لگی ہوں۔
XS
SM
MD
LG