رسائی کے لنکس

ایران: ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے صحافی کے خلاف مقدمے کی سماعت


واشنگٹن پوسٹ‘ کے صحافی جیسن رضایان
واشنگٹن پوسٹ‘ کے صحافی جیسن رضایان

رضایان کو گزشتہ سال جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں تہران کی بدنامِ زمانہ جیل زندانِ اوین میں حراست کے دوران کچھ عرصہ قیدِ تنہائی میں رکھا گیا۔

امریکہ کے اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے صحافی جیسن رضایان پر جاسوسی کے الزامات کے مقدمے کی سماعت منگل کو تہران میں شروع ہوئی۔

مقدمے کی سماعت بند کمرے میں کی جا رہی ہے اور عوام، پریس کے نمائندوں اور ان کے اہل خانہ کو عدالت میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

رضایان کو گزشتہ سال جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں تہران کی بدنامِ زمانہ جیل زندانِ اوین میں حراست کے دوران کچھ عرصہ قیدِ تنہائی میں رکھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ان کی صحت اچھی نہیں۔

رضایان کے خلاف الزامات بہت مبہم ہیں اور اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ ان پر کس کے لیے اور کس قسم کی جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ انہیں اپنی گرفتاری سے اب تک اپنے وکیل سے صرف ایک مرتبہ مختصر مدت کے لیے ملنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ان مطالبات کے باوجود کہ انہیں مقدمے کی سماعت دیکھنے کی اجازت دی جائے، رضایان کی اہلیہ اور والدہ کو عدالت میں آنے سے روک دیا گیا ہے۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی ایران کے ویزوں کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی ہے۔

رضایان کے بھائی علی کا کہنا ہے کہ حکام مقدمے کی سماعت بند کمرے میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں بلکہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔

XS
SM
MD
LG