رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ جوش و خروش امریکی پارکوں میں


جہاں اس وقت جنوبی افریقہ میں فٹ بال ورلڈکپ کا جنون عروج پر ہے وہیں پوری دنیا میں بھی اس سلسلے میں بڑا جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔ اگرچہ امریکہ میں فٹ بال ، جسے یہاں ساکر کہنا جاتا ہے،اتنا مقبول نہیں، لیکن یہاں واشنگٹن میں اس کھیل کے شائقین نے ورلڈکپ کے لیے خصوصی تیاریاں کی ہیں اورایک پارک میں بڑی اسکرینوں پرورلڈکپ کے میچ دکھانے کا انتظام کیا ہے۔اگرچہ اس طرح کے مناظر دنیا کے اکثر بڑے شہروں میں ورلڈکپ کے دوران عام دکھائی دیتے ہیں ، لیکن امریکی شہریوں کے لیے یہ منظر نیا تھا۔

واشنگٹن میں بڑی اسکرینوں پرورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ کے میچز دیکھنے کے لیے پورا دن پارک میں ہزاروں لوگ آتے جاتے رہے ۔ اور کچھ فٹبال کھیلتے بھی دکھائی دیے۔ لوگ بھرپور تیاری کے ساتھ آئے اور بڑی ا سکرینوں پر میچ دیکھ کر خوب لطف اٹھایا۔

منتظمین میں سے ایک ، مائیکل لپن نے کہا کہ ہم نے فیس بک پر ایک پیج بنا کر اسکی تشہیر کی تھی اور لوگوں نے بھرپور ردعمل ظاہر کیا جس سے وہ خوش ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ انہیں لوگوں کی جانب سے بہت فیڈ بیک ملا ہے۔ لوگ خوش ہیں، لطف اٹھا رہے ہیں ۔یہ ایک مکمل طور پر مشترکہ کوشش تھی ۔ مختلف لوگوں نے اس سلسلے میں تعاون کیا۔ امریکہ میں فٹ بال کی ترقی کے لیے کام کرنے والی تنظیموں ‘ اسکریمنگ ایگلز ’ اور ‘ امریکن آؤٹ لاز ’ نے بھی ساتھ دیا۔

ایک رضاکار کرس پیو لیکس کا کہنا تھا کہ انھیں ایسا لگ رہا ہے کہ فٹ بال بھی امریکہ میں اپنے قدم جما رہا ہے۔لیکن امریکہ میں اس کھیل کو ایک مقبول کھیل کے طورپر قبول کرنے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک کھلی جگہ پر عام لوگوں کو بڑی اسکرینوں پر میچ دکھانے کے لیے رضاکاروں کو 20 ہزار ڈالر اکٹھے کرنے پڑے ۔

نائیجریا سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ طالب علم روتیمی ایزیڈو نے اس تجربے کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو جوش و خروش سے کھیلتے دیکھ کر بڑا لطف آیا لیکن صحیح معنوں میں لطف اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کو کھیل کے قواعد بھی آتے ہوں۔

بولیویا سے تعلق رکھنے والی امالیا مولینا نے بھی ووزیلا بجا کرفٹ بال کی پسندیدگی کا اظہار کیا، جو کہ اس وقت جنوبی افریقہ میں ورلڈکپ کی علامت بن چکا ہے۔ انھوں نے اس کھیل کی عالمگیریت کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال ایک ایسا کھیل ہے جہاں آپ کا رنگ کوئی معنی نہیں رکھتا، لوگ ایک ایک گول پر خوش ہوتے ہیں۔

امریکہ اور انگلینڈ کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آئے ۔ انہوں نے ہر ہر شاٹ پر خوب شور مچایا ، رنگ برنگ کے کپڑے پہنے اور ایک دوسرے پر جملے کسے۔ منتظمین کاکہنا تھا کہ وہ ورلڈکپ کے فائنل میچوں کے لیے بھی اسی طرح کا انتظام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، چاہے امریکہ کی ٹیم آخری مرحلے تک پہنچے یا نہ پہنچے۔

XS
SM
MD
LG