رسائی کے لنکس

یمن میں بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہرے


یمن میں بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہرے
یمن میں بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہرے

یمن کے باشندوں نے جمعے کے روز دارالحکومت صنعا اور جنوب مغربی علاقے تعز سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں صدر علی عبداللہ صالح کی اقتدار سے علیحدگی کے لیے مظاہرے کیئے۔

یمن میں نماز جمعہ کے بعد صدر کے خلاف مظاہروں کے لیے بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پرنکل آئے جب کہ دوسری جانب حکومت کا کہناہے کہ صدر کے لاکھوں حامیوں نے اکھٹے ہوکر وطن سے اپنی محبت کے اظہار کا مظاہرہ کیا۔

صدر کے مخالفین کی جانب سے مظاہرے ملک کی حکمران جماعت کی جانب سے کئی اجلاسوں کے بعد ہوئے۔ ان اجلاسوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان میں ایسے طریقوں پر غور کیا گیا جن کے ذریعے صدر صالح 2013ء میں اپنے عہدے کی مدت مکمل ہونے سے پہلے اقتدار سے الگ ہوسکیں۔

جنرل پیپلز کانگریس ، خلیجی تعاون کونسل یعنی جی سی سی کے اس منصوبے پر غور کررہی ہے جس میں مسٹر صالح سے کہا گیا ہے کہ وہ اقتدار اپنے نائب کو سونپ دیں اور ایک قومی اتحادی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کریں۔

جمعرات کے روز اخبار یمن پوسٹ نے اپنی اشاعت میں کہاتھا کہ حکمران جماعت خلیجی تعاون کونسل کی تجویز کے ایک نظرثانی شدہ منصوبے پر متفق ہوچکی ہے، جس پر عمل درآمد کی صورت میں مستعفی ہونے کے لیے صدر کو مزید وقت دیاجائے گا۔

چھ ملکی خلیجی تعاون کونسل نے کئی مہینوں سے یمن کی حکومت کے خلاف جاری مظاہروں کو ختم کرنے کے اپنے ابتدائی منصوبے میں صدر کو مستعفی ہونے کے لیے کہاتھا۔ مسٹر صالح تین بار اس منصوبے پر اپنی رضامندی ظاہر کرنے کے بعد ، معاہدے پر دستخطوں کے وقت اس سے پیچھے ہٹ گئے۔

XS
SM
MD
LG