رسائی کے لنکس

عائشہ عمر فلمی اسکرین پر، پہلی فلم ریلیز کیلئے تیار


ٹی وی اسٹار عائشہ عمر کی پہلی فلم ’کراچی سے لاہور‘31جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔ وہ کہتی ہیں کہ، ’ایکسائمنٹ کی ایک وجہ فلم کراچی سے لاہور میں موجود آئٹم سانگ بھی ہے۔ ۔دیکھئے پبلک اسے کیسا رسپانس دیتی ہے‘

سال 2015ء کے ابتدائی تین ماہ کے دوران دو اردو فلموں ’گڈ مارننگ کراچی‘ اور ’جلیبی‘ کی ریلیز کے بعد، اب جس تیسری فلم کا سب کو انتظار ہے ۔۔وہ ہے ۔۔ٹی وی اسٹار عائشہ عمر کی فلم ’کراچی سے لاہور‘۔

فلم ’کراچی سے لاہور‘ 31 جولائی کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی، یعنی عیدالفطر کے فوری بعد۔ عائشہ اس فلم کے حوالے سے بہت ’ایکسائٹڈ‘ ہیں۔ اس کا اظہار انہوں نے پچھلے ہفتے میڈیا سے بات چیت میں بھی کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ایکسائمنٹ کی دو وجوہات ہیں۔ پہلی یہ کہ ’کراچی سے لاہور‘ میری پہلی فلم ہے۔۔دیکھئے پبلک اسے کیسا رسپانس دیتی ہے، جبکہ دوسری وجہ فلم میں موجود آئٹم سانگ ہے۔

جب سے اس آئٹم سانگ کا ٹیزر ریلیز ہوا ہے، عائشہ کے چرچے زور و شور سے ہونے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث سے نتیجہ اخذ کریں تو لوگوں کو ان کی پرفارمنس دھماکے دار محسوس ہوئی ہے۔ اس پرفارمنس نے سب کو متاثر کیا ہے۔

رومینٹک کامیڈی فلم ’کراچی سے لاہور‘ کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر وجاہت روٴف کا کہنا ہے کہ ’فلم میں ایک سے زیادہ ’پرفارمنس بیسڈ‘ گانے ہیں‘۔

ادھر ایک ویب سائٹ ’برانڈ سیناریو‘ کا کہنا ہے کہ ’کراچی سے لاہور‘ کی کہانی پانچ لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک خاص مقصد کے تحت روڈ ٹرپ پر کراچی سے لاہور جاتے ہیں۔ لیکن، ان کے ساتھ راستے میں واقعات رونما ہوتے ہیں وہی اس کہانی کا موضوع بنے۔

فلم میں مرکزی کردار عائشہ عمر اور شہزاد شیخ نے ادا کئے ہیں، جبکہ سینئر اداکار جاوید شیخ اور رشید ناز بھی ’کراچی سے لاہور‘ کی کاسٹ کا حصہ ہیں۔فلم کے کہانی کار ہیں یاسرحسین اور میوزک دیا ہے علی حمزہ، علی نور اور شیراز اپل جیسے جانے پہچانے موسیقاروں نے۔

ڈیلی’ایکسپریس‘ کے مطابق، عائشہ عمر نے فلم میں اپنے کردار سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کردار اب تک کئے جانے والے گلیمرس کرداروں سے بالکل ہٹ کر ہے۔ یہ ایک ایسی لڑکی کا کردار ہے جسے بننے سنورنے کا بالکل شوق نہیں۔

XS
SM
MD
LG