رسائی کے لنکس

پاکستان فوج کی ملک بھر میں ’سرچ آپریشن‘ کی منظوری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان کی اہم وادی شوال میں ایک بڑے آپریشن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے قبائلی علاقوں میں بھی ایسے ہی کومبنگ آپریشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان کی فوج نے دہشت گردوں کے ممکنہ خفیہ ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی کے لیے ’کومبنگ آپریشن‘ یعنی تلاشی کی کارروائیوں کے ایک جامع منصوبے کی منظوری دی ہے

فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق اس منصوبے کے تحت ساتھ ہی صوبائی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہنچ میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

پیر کو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ہونے والے کور کمانڈروں کے اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرنی سلامتی کے خطرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں آپریشنل تیاری، تربیت اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔

جنرل راحیل شریف نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے وادی شوال میں کامیاب آپریشن کی تعریف کرتے ہوئے فوج، فرنٹیئر کور اور رینجرز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

18 اپریل کو شمالی وزیرستان کی اہم وادی شوال میں ایک بڑے آپریشن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے قبائلی علاقوں میں بھی ایسے ہی کومبنگ آپریشن کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ فوج اور خصوصاً پنجاب میں صوبائی حکومت کے درمیان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔

جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس کی کارکردگی غیر تسلی بخش رہی جس کے بعد فوج نے اس آپریشن کی قیادت سنبھال لی تھی۔

XS
SM
MD
LG