رسائی کے لنکس

مختصر مختصر: عمر اکمل کے سہرے کے پھول کھل گئے


پاکستان بھر کی اہم خبریں مگر مختصر مختصر: عمر اکمل کے سہرے کے پھول کھل گئے، فیصل رضا عابدی سے استعفیٰ طلب اور بھارتی خاتون 16 سال بعد بھائی کو دیکھتے ہی دنیا سے چل بسی

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹاربیٹسمین عمراکمل کو ’کنواروں‘ نے اپنی فہرست سے نکال دیا۔ آخر کار بدھ کی شام لاہور میں ان کے سہرے کے پھول کھل ہی گئے۔ میڈیا کو دیکھئے مہندی سے لیکر دلہن گھر لانے تک پل پل کی خبریں شہ سرخیاں بناکر پیش کرتا رہا۔

ایک نجی ٹی وی نے تو یہ خبر بھی دی کہ عمر اکمل کے ہیئر ڈریسر نے 14 قینچیوں کی مدد سے ان کے بال تراشے تھے جب کہ میک اپ کرنے کے لئے بھی ماہرین کی خدمات لی گئی تھیں۔

تقریب میں شرکت کرنے والے عزیز و اقارب،کرکٹ بورڈ کے عہدیداران، کھلاڑیوں اور شوبز شخصیات کے ناموں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ ان ناموں میں ایک نمایاں نام پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا بھی ہے۔

سہرا بندی کی تقریب لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ والدین ،بہن بھائیوں اور کچھ دیگر قریبی رشتے داروں نے ڈھیر ساری رسمیں ادا کیں۔ بھنگڑے اور لڈیاں ڈالی گئیں ۔آتش بازی بھی کی گئی۔ دونوں کا نکاح پہلے ہی ہوچکا ہے، رخصتی باقی تھی۔

میڈیا نے وہاں بھی جالیا، عمراکمل بولے اس موقع پر بہت خوش ہیں، انہوں نے والدین کو دعائیں دیں، دلہن نور آمنہ شرماتی رہیں، شادی کو ارینج میرج بتایا اور کہا کہ ہمیشہ عمر اکمل کو سپورٹ کریں گی۔ وہ سابق ٹیسٹ اسٹار عبدالقادرکی بیٹی ہیں۔ عمر اکمل پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شادی کے فوری بعد ہنی مون پر جانے کے بجائے عمرہ اداکرنے جائیں گے۔

اس سے قبل منگل کی رات لاہور میں ہی رسم حنا کی تقریب منعقد ہوئی تھی جو رات دس بجے کے بعد تک جاری رہی تھی حالانکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی کو بھی رات دس بجے کے بعد تقریب کی اجازت نہیں۔ خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے رپورٹ طلب کی ہرکارے حرکت میں لائے گئے لیکن پھر معذرت اور تنبیہ پر بات آئی گئی ہوگئی۔


فیصل رضا عابدی سے استعفیٰ طلب
فیصل رضا عابدی اپنی شعلہ بیانی کے سبب بے شک پاکستان کے الیکٹرونک میڈیا میں کئی سال سے ’ہاٹ‘ہیں لیکن ان کا یہ انداز ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کو شاید پسند نہیں آیا۔ یہی سبب ہے کہ بدھ کو ان سے سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے استعفیٰ طلب کئے جانے کی خبریں گردش کرتی رہیں۔

پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا نے اپنی رپورٹس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کو بنیاد بنایا ہے۔ روزنامہ ایکسپریس اور ممتاز اخبار جنگ اور جیو نیوز کی خبروں میں کہا گیا ہے کہ فیصل رضا عابدی پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں جس پر جماعت کے مرکزی سیکریٹری جنرل راجا پرویز اشرف نے ان سے استعفیٰ طلب کرلیا ہے۔

ایک اور ٹی وی چینل ’جیو تیز‘ نے فیصل رضاعابدی کا بیان ٹیلی کاسٹ کیا ہے جس میں ان کاکہنا ہے کہ وہ جمعرات کو سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔

بھارتی خاتون 16 سال بعد بھائی کو دیکھتے ہی دنیا سے چل بسی
سرلادیوی بھارتی شہری تھیں اوربدھ کو لاہور پہنچی تھیں۔ ان کابھائی مہیش کمار بھی بہن کی محبت دل میں بسائے لاہور اسٹیشن پر اس سے ملنے کا منتظر تھا۔ لیکن کسی فلمی منظر کی طرح بہن ٹرین سے اترتے ہی بھائی کی طرف بھاگی اور اس کے گلے لگ کر رونے لگی۔ اسی دوران اس پر دل کا دورہ پڑا وہ غش کھاکر زمین پر گر گئی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھائی اور اس کی فیملی نے آناً فاناً میو اسپتال منتقل کیا لیکن ڈاکٹرز تک رسائی سے پہلے ہی سرلا دیوی دنیا سے چل بسی۔۔۔۔ چند گھنٹوں بعد ہی لاش کو واپس واہگہ بارڈر لایا گیا جہاں پاکستانی حکام نے تمام ضروری کارروائی پوری کرتے ہوئے لاش بھارتی حکام کے حوالے کردی۔
XS
SM
MD
LG