رسائی کے لنکس

واشنگٹن میں ’پاکستان ڈے‘ کی رُوداد


پاکستان سے باہر بسنے والے بھی اپنے وطن کی یاد اپنے دل میں بسائے بیٹھے ہیں۔ اس بات کا عملی مظاہرہ گذشتہ دنوں واشنگٹن میں’پاکستان ڈے‘ کے موقعے پر کیا گیا

گذشتہ دنوں پاکستان کا 67 واں یوم ِآزادی ’آزادی‘ اور ’انقلاب‘ کے نعروں کی گونج میں منایا گیا۔ ملک کے سیاسی اتار چڑھاؤ سے قطع ِنظر بہت سے لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے اس بات پر شکر کیا کہ پاکستان نے نامساعد حالات، مارشل لاز، حکمرانوں کی نا اہلی اور افسران کے بدعنوان جھرمٹ کے باوجود 67 برس کے ادوار میں اپنا وجود منوایا۔ یوں، وطن کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ پاکستان کی سالگرہ منائی گئی۔

قابل ِقدر بات یہ ہے کہ یہ جذبہ محض پاکستان میں بسنے والوں کے دلوں تک محدود نہیں، بلکہ پاکستان سے باہر بسنے والے بھی اپنے وطن کی یاد اپنے دل میں بسائے بیٹھے ہیں۔ اس بات کا عملی مظاہرہ گذشتہ دنوں واشنگٹن میں’پاکستان ڈے‘ کے موقعے پر بھی کیا گیا۔

زاہد حمیدی واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک سرکردہ شخصیت سمجھے جاتے ہیں اور گذشتہ کئی برسوں سے ’پاکستان ڈے‘ منعقد کرا رہے ہیں۔ حمیدی صاحب نے واشنگٹن میں یہ روایت 80ء کی دہائی میں ڈالی اور اب تک یہ سلسلہ کامیابی سے جاری و ساری ہے۔

2014ء کے پاکستان ڈے کے لیے ورجینیا کے علاقے سنٹروِل کے ایک بڑے پارک ’بُل رن ریجنل پارک‘ کا انتخاب کیا گیا۔ گو کہ سنٹروِل کا علاقہ ریاست واشنگٹن سے قدرے فاصلے پر ہے مگر ریاست واشنگٹن، میری لینڈ اور ورجینیا میں بسنے والے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے اس میلے کا رخ کیا۔

امریکہ میں بسنے والے ان پاکستانیوں میں سے چند نے اس دن کی مناسبت سے سبز و سفید لباس زیب ِتن کر رکھا تھا۔ بہت سے لوگ اپنے ساتھ پاکستان کے بڑے بڑے جھنڈے لائے تھے اور انہیں لہرا رہے تھے۔ پاکستان ڈے کے اس میلے میں لوگوں کے لیے وسیع میدان میں بہت سے مختلف سٹال لگائے گئے تھے۔ ان میں اکثریت کپڑوں کے سٹالوں کی تھی، جبکہ ایک جگہ پر کھانے پینے کے سٹالز لگائے گئے تھے۔ بچوں کے لیے مختلف جھولے لگائے گئے تھے۔

’پاکستان ڈے‘ کی خاص بات پاکستان سے مدعو کیے گئے وہ فنکار تھے جن کی پرفارمنس نے اس تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض سارہ زمان اور ثاقب الاسلام نے ادا کیے۔ تقریب میں واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے بطور ِخاص شرکت کی جبکہ ریاست ورجینیا اور میری لینڈ کے گورنرز نے ’پاکستان ڈے‘ کے موقعے پر خصوصی پیغامات بھی بھجوائے۔

پاکستان سے آئے فنکاروں شارق رومی اور اظہر عباس نے اپنے گانوں سے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ اسٹیج کے سامنے بنی جگہ پر حاضرین ایک بڑی تعداد میں جمع تھے اور ان فنکاروں کی پرفارمنس سے محظوظ ہوتے رہے۔ ترنم ناز کی گائیکی نے بھی حاضرین کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔

تقریب کے منتظم زاہد حمیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈے منانے کی روایت کا مقصد پاکستان کا نام امریکہ میں بلند کرنا ہے اور پاکستانیوں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اکٹھے مل بیٹھ کر پاکستان سے ہزاروں میل دور ہونے کے باوجود اپنے اپنے انداز میں پاکستان کو یاد کر سکیں۔

XS
SM
MD
LG