رسائی کے لنکس

برطانیہ: پاکستان کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کا تعلیمی دورہ


برطانیہ کے دورے کی تکمیل کے بعد پاکستانی طلبہ کا یہ وفد جرمنی اور سوئیڈن کی یونیورسٹیوں کے دورے پر روانہ ہو جائے گا۔

پاکستان کے تعلیمی اداروں کے ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ کا ایک وفد ان دنوں برطانیہ کے مطالعاتی دورے پر ہے۔

پینتالیس ذہین طالب علموں کے اس وفد کی قیادت گورنمنٹ کالج لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الرحمن کر رہے ہیں جن کے ہمراہ محکمہ تعلیم کے اعلی حکام بھی ہیں۔

لندن میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان بھر سے میٹرک، انٹر اور گریجویشن کی سطح پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اس وفد نے گزشتہ روز ہائی کمیشن کا دورہ کیا جہاں قائم مقام ہائی کمشنر محمد عمران مرزا نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر ہائی کمشنر نے طلبہ کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے انھیں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کی ان کی خواہش کو سراہا۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ کے اعلٰی سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا دورہ ان کے لیے بہت کارآمد اور مفید ثابت ہوگا۔ انھوں نے طالب علموں کو پاک برطانیہ تعلقات اور پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں برطانوی امداد کے منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

حکومت پنجاب کی طرف سے ذہین اور ہونہار طالب علموں کو یورپی ممالک کے اعلٰی تعلیمی اداروں کے تدریسی طریقہ کار سے واقفیت فراہم کرنے کے لیے دوروں کا یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد یورپ کے معروف تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

برطانیہ میں قیام کے دوران طلبہ کا وفد آکسفورڈ یونیورسٹی، لندن اسکول آف اکنامکس اور کوئین میری یونیورسٹی کے علاوہ گلاسگو یونیورسٹی جیسے معروف تعلیمی اداروں کا دورہ کرے گا جہاں انھیں دور حاضر کے تدریسی طریقہ کار اور مغربی دنیا میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعارف کرایا جائے گا۔

برطانیہ کے دورے کی تکمیل کے بعد پاکستانی طلبہ کا یہ وفد جرمنی اور سوئیڈن کی یونیورسٹیوں کے دورے پر روانہ ہو جائے گا۔

XS
SM
MD
LG