رسائی کے لنکس

'سب وے' برطانیہ میں صرف حلال سینڈوچ فراہم کرے گا


مریکی فاسٹ فوڈ چین کی جانب سے مسلمانوں کے اصرار کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ اور آئر لینڈ کی 185 ریسٹورنٹس پر حلال گوشت سے بنے ہوئے سینڈوچز متعارف کرائے گئے ہیں

دنیا بھر میں فاسٹ فوڈ کی مقبول فرنچائز 'سب وے' نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ اور آئر لینڈ کی تمام شاخوں پر اب صرف حلال گوشت سے تیار کردہ سینڈوچز فراہم کیے جائیں گے جبکہ خنزیر کے گوشت سے تیار کردہ تمام سینڈوچز کو مینو سے نکال دیا گیا ہے۔

'میل آن لائن' کی خبر کے مطابق امریکی فاسٹ فوڈ چین کی جانب سے مسلمانوں کے پر زور اصرار کو مدنظر رکھتے ہوئے برطانیہ اور آئر لینڈ کی 185 ریسٹورنٹس پر حلال گوشت سے بنے ہوئے سینڈوچز متعارف کرائے گئے ہیں جو کہ اسلامی قوانین کے تحت ذبیحہ گوشت سے تیار کئے جاتے ہیں۔

برطانیہ میں جانور کو بے ہوش کئے بغیر ذبح کرنا غیر قانونی ہے لیکن قانون میں مذہب کی بنیاد پر مسلمان اور یہودی قصابوں کو ذبیحہ کا چھوٹ دی گئی ہے۔

فاسٹ فوڈ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آئر لینڈ اوربرطانیہ کے سب وے اسٹورز پر اب صرف حلال گوشت سے تیار کردہ سینڈوچز فروخت کئے جارہے ہیں جبکہ ہیم اور بیکن کی جگہ ٹرکی یعنی فیل مرغ کا گوشت استعمال کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کی کثیر الثقافتی آبادی میں فاسٹ فوڈ سینڈوچز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا مطلب یہ ہے کہ ہم مختلف کمیونٹیز کی مذہبی اقدارکا احترام کریں۔

ترجمان کے مطابق چین ریسٹورنٹ کے 2007ء کے منصوبے میں یہ طے کیا گیا تھا کہ نئے اسٹور کھولنے سے پہلے آبادی کی خصوصیات کو مد نظر رکھا جائے گا اور صارفین کی طلب کو پورا کیا جائے گا۔

گزشتہ دنوں برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے خبر دی تھی کہ 'سب وے' کا سال 2020ء تک برطانیہ اور آئر لینڈ میں مزید 1,200 فاسٹ فوڈ اسٹورز کھولنے کا ارادہ ہے جن سے برطانیہ بھر میں روزگار کے تقریباً 13,000 مواقع پیدا ہوں گے۔

فاسٹ فوڈ چین کے مطابق، سب وے پر فراہم کیے جانے والے تمام سینڈوچز حکام کی طرف سے سند یافتہ حلال گوشت سے تیار کیے جاتے ہیں۔

برطانیہ میں سب وے کے تمام ریستورانوں کے استقبالیہ کے علاوہ داخلی دروازے پر بھی حلال گوشت کی علامتی تختی آویزاں کردی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG