رسائی کے لنکس

فلبرائٹ اسکالرشپ: 157 پاکستانی امریکہ جائیں گے


2005ء سے اب تک 1400 پاکستانی طلبہ وطالبات فلبرائٹ پروگرام کے تحت ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں جن میں41 فیصد خواتین شامل ہیں۔

امریکہ کی طرف سے تعلیمی وظائف کے پروگرام ’فلبرائٹ اسکالر شپ‘ کے تحت رواں سال 157 پاکستانی طالب علم اعلیٰ تعلیم کے لیے مختلف امریکہ یونیورسٹیوں میں جائیں گے۔

فلبرائٹ وظائف حاصل کرنے والے پاکستانی طالب علموں کے لیے اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی شرکت کی۔

اس سال 125 ماسٹر ڈگری رکھنے والے جب کہ 32 پی ایچ ڈی طالب علموں کو اس پروگرام کے تحت منتخب کیا گیا۔

فلبرائٹ پروگرام کا شمار امریکی حکومت کے اعلیٰ ترین تبادلہ پروگراموں میں ہوتا ہے۔ اس سال منتخب طالب علموں کا تعلق پاکستان کے تمام صوبوں سے ہیں اور یہ طلبا مختلف شعبوں بشمول انجینئرنگ، توانائی کا انتظام اور سماجی علوم میں تعلیم حاصل کریں گے۔

تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہ طالب علم وطن واپس آئیں گے اور پاکستان کے مستقبل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی روابط کو مستحکم کرنے کے حوالے سے تعلیمی تبادلہ پروگراموں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اُنھیں توقع ہے کہ فلبرائٹ اسکالر شپ حاصل کرنے والے یہ طالب علم پاکستانی معاشرے میں غیر معمولی کردار ادا کریں گے۔

فلبرائٹ پاکستان میں اپنی نوعیت کاسب سے بڑا اور دنیا کا معتبرترین پروگرام ہے۔ یونائٹیڈ اسٹیٹس ایجوکیشن فاؤنڈیشن اِن پاکستان (یو ایس ای ایف پی) جو اس پروگرام کوچلاتا ہے ملک میں اپنے قیا م کی 64 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔

واضح رہے کہ 2005ء سے اب تک 1400 پاکستانی طلبہ وطالبات فلبرائٹ پروگرام کے تحت ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں جن میں41 فیصد خواتین شامل ہیں۔

اس وظیفہ کے تحت دوران تعلیم سفر، جیب خرچ، صحت کا بیمہ اور ٹیوشن فیس کے اخراجات برادشت کیے جاتے ہیں۔

امریکہ تعلیم سمیت کئی شعبوں میں پاکستان کی معاونت کرتا آیا ہے اور حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔

حال ہی میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اُمور خارجہ طارق فاطمی نے امریکہ کا دورہ کیا تھا جس میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری سے متعلق اُنھوں اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔

XS
SM
MD
LG