رسائی کے لنکس

کراچی: عامر خان کی لیاری آمد، نوجوان باکسروں سے ملاقات


باکسنگ چیمپئن عامر خان کے لئے لیاری کے نوجوان باکسروں نے خصوصی باکسنگ کھیل پیش کیا۔ مقابلے میں برتری دکھانے والے باکسروں کو عامر نے نقد انعام پیش کئے اور رنگ میں اتر کر باکسنگ کے گُر بھی سکھائے

کراچی: باکسنگ میں عالمی شہرت رکھنے والے، عامر خان نے کراچی کے علاقے لیاری میں نوجوان باکسروں سے ملاقات کی اور انھیں باکسنگ کے ماہرانہ گُر بھی بتائے۔

رواں ہفتے کراچی کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی نژاد باکسر عامر خان بدھ کے روز لیاری کے اسپورٹس کمپلیکس پہنچے۔ لیاری کے پیپلز اسپورٹس کملیکس میں نامور باکسر عامر خان کا ڈھول کی تھاپ پر خیر مقدم کیا گیا۔

اس موقع پر نوجوانوں کی خوشی دیدنی تھی۔ جیسے ہی عامر خان اسپورٹس کمپلیکس میں داخل ہوئے، لیاری کے نوجوانوں نے روایتی بلوچی رقص پیش کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ نا صرف یہ بلکہ کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے عامر خان کو سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ اور پھول بھی پیش کئے۔

اسپورٹس کمپلیکس میں باکسنگ کے ہیرو عامر خان کے سامنے خصوصی باکسنگ کھیل ایک نمائشی باوٹ کا مظاہرہ بھی کیاگیا۔مقابلے میں جیتنے والے باکسروں کو عامر خان نے نقد انعام پیش کیا۔

نوجوان باکسرز نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں بتایا کہ انھیں عامر خان کے سامنے کھیل پیش کرکے انتہائی خوشی ملی۔ ’جب ایک ورلڈ چیمپئن سامنے ہو اور مقابلے پر وہ تعریف کرے، تو ایک کھلاڑی کو مزید کیا درکار ہوگا۔‘

کراچی: باکسر عامر خان کا دورہ لیاری
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:20 0:00

نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ بھی محنت کریں گے اور دعا کریں گے کہ وہ بھی عامر خان کی طرح ورلڈ چیمپئن بن کر پاکستان کا نام روشن کریں۔

عامرخان کی نوجوانوں باکسروں کو خصوصی ٹپس

باکسنگ کنگ نوجوان باکسروں کےساتھ ہو اور کھیل کی ’ٹپس‘ نا دے یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔ عامر خان خود باکسنگ رنگ میں آئے اور نوجوانوں کو خصوصی ماہرانہ رائے سے نوازا اور اپنے مخالف کو باکسنگ میں پچھاڑنے کے طریقے بھی بتائے۔

عامر خان کراچی میں باکسنگ اکیڈمی کھولیں گے

رواں ہفتے عامر خان اور ان کی اہلیہ شہر کراچی کے دورے پر آئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ، عامر خان کراچی میں ایک باکسنگ اکیڈمی کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے لئے انھوں نے موجودہ حکومت سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

حساس ترین علاقے لیاری میں عامر کی موجودگی ایک مثبت پیغام

کئی برسوں سے لیاری میں بدامنی اور کشیدگی کے باعث آئے دن خبروں کی زینت بنتا آ رہا ہے۔ ایسے میں اس حساس ترین علاقے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ عامر خان کی آمد سے دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچے گا کہ لیاری ایک پرامن علاقہ ہے جہاں کے لوگ یہاں آنے والے افراد کو دل کی گہرائی سے احترام کرتے ہیں۔

لیاری ملک کے مایہ ناز کھلاڑیوں کا مرکز

لیاری باکسنگ اور فٹبال جیسے دو اہم کھیلوں کیلئے پاکستان کا ایک انتہائی اہم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ یہاں کئی بڑے بڑے مایہ ناز کھلاڑیی پیدا ہوئے اور پاکستان کو دنیا میں نام دلایا۔ ماضی میں سابق اولمپئن اور انٹرنیشنل کھلاڑی پیدا کرنےوالے لیاری کے نوجوان مختلف کھیلوں کی سرگرم رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG