رسائی کے لنکس

وینا ملک کا ہر انداز نرالا ہے۔کچھ مہینوں پہلے انہوں نے انتہائی بولڈ فوٹو شوٹ کرایا تھا تو اب خو د کو پردے میں چھپالیا ہے ۔۔۔جی ہاں وینا ملک نے برقع اوڑھنا شروع کردیا ہے۔ آج کل وہ سارا سارا دن ممبئی کی گلیوں میں سر تا پاوٴں برقع میں ڈھکی چھپی اپنا ”ہیرو“ تلاش کرتی پھیر رہی ہیں۔

اصل میں وینا نے ایک نئی فلم’دی سٹی دیٹ نیور سلیپس ‘ سائن کی ہے جو بقول وینا یہ ان کی اب تک کی سب سے بڑی اوراہم فلم ہوگی۔ وینا فلم کو کامیاب بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھارکھنا نہیں چاہتیں اسی لئے بالی وڈ کے ”بوڑھے “ ہیروز سے ہٹ کر کوئی فریش چہرہ سامنے لانا چاہتی ہیں۔ نئے ہیرو کی تلاش وینا کو ممبئی کی سڑکوں تک لے آئی ۔ برقع انہوں نے اپنے پرستاروں کے ہجوم سے بچنے کے لئے پہنا ہے جو انہیں دیکھ کرگھیر لیتے ہیں۔

نئے پروجیکٹ کو لے کرہمیشہ کی طرح پرجوش وینا کا ’این ڈی ٹی وی “کے ساتھ بات چیت میں کہنا تھا ”’میرے لئے یہ فلم بہت خاص ہے اور میں کسی طرح کا چانس نہیں لے سکتی ۔اسی لئے میں نے فیصلہ کیا کہ ممبئی کی گلیوں اوربازاروں میں گھوم پھر کر ’اوریجنل ایکٹر ‘ تلاش کروں۔یہاں سب ہی اداکار ہیں لیکن اند ر کے فنکار کو باہر نکالنے کے لئے محنت تو کرنا پڑتی ہے ۔اور میں وہی کر رہی ہوں۔ ایک ایسا گوہر نایاب تلاش کررہی ہوں جو اپنی اداکاری سے فلم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرے۔‘

وینا ہر لحاظ سے ایک ’پرفیکٹ‘ آرٹسٹ بننا چاہتی ہیں اور اس سلسلے میں وہ بالی وڈ کے میگا اسٹارز کے نقش قدم پر چلنے کی خواہش رکھتی ہیں۔’عامر خان، سلمان خان، شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن بالی وڈ کے ایسے ایکٹر ہیں جو ہر قسم کے کردار میں ڈھل جاتے ہیں اور اسی لئے یہ سب ’بیسٹ‘ ہیں۔میں بھی ان ہی کی طرح ’بیسٹ‘ بننا چاہتی ہوں۔

وینا ملک کی نئی فلم کے بارے میں کچھ اور دلچسپ باتیں بھی سامنے آرہی ہیں۔ پروڈیوسر ستیش ریڈی اور ڈائریکٹر ہارون رشیدنے فلم کوبین الاقوامی اور رنگا رنگ بنانے کے لئے مختلف ملکوں مثلاً یوکے، امریکہ ، پاکستان، یوکرائن اور روس کے اداکاروں کو کاسٹ میں شامل کیا ہے۔


یہی نہیں بلکہ فلم بنانے والوں نے یہ بھی دعوی کر ڈالاہے کہ ان کی فلم ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ‘ کے بیس ریکارڈ توڑے گی۔جب پوچھا گیا کہ فلم ’دی سٹی نیور سیلپس‘ کون کون سے نئے ریکارڈ بنانے والی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ فلم کی موسیقی چار میوزک ڈائریکٹرزکمپوز کریں گے اور بیس سپورٹنگ ڈائریکٹرز سات دن میں فلم مکمل کر کے اس کی فرسٹ کاپی تیارکردیں گے۔ اس کے علاوہ بھی جو ریکارڈ بنیں گے وہ دنیا دیکھے گی۔

وینا ملک کی موجودگی اور نئے ریکارڈ کے دعوے فلم کی ریلیز سے پہلے تو خوب ’رونق میلہ‘ لگائیں گے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ باکس آفس پر کیا ریکارڈ بنتا ہے ۔ پرستاروں کے کھڑکی توڑ ہجوم کا یا سینما کے ہال خالی رہ جانے کا۔۔۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG