رسائی کے لنکس

امریکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد میں نیتن یاہو پر اعتماد میں کمی : سروے


اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو۔فائل فوٹو
اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو۔فائل فوٹو
  • امریکیوں کی اکثریت، یعنی53 فیصد کو، نیتن یاہو پر عالمی امور کے حوالے سے بہت کم یا قطعی اعتماد نہیں ہے۔سروے
  • 2023 سے اب تک نیتن یاہو پر اعتماد نہ رکھنے والے امریکیوں میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
  • ریپبلکنز اور ان کی طرف جھکاؤ رکھنے والے 51 فیصد افراد نیتن یاہو کے بارے میں ڈیموکریٹس سے کہیں زیادہ مثبت خیالات رکھتے ہیں، جن کی شرح 13 فیصد ہے۔
  • 2023 میں، تقریباً 26 فیصد امریکیوں نے کہا تھا کہ وہ نیتن یاہو کے بارے میں کچھ نہیں جانتے، لیکن اس سال ان کے بارے میں آگہی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
  • نوجوانوں کے مقابلے میں معمر امریکی اسرائیلی وزیر اعظم کے لیے زیادہ مثبت خیالات رکھتے ہیں۔

رائے عامہ کےایک نئے سروے کے مطابق امریکیوں کی اکثریت کو اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر عالمی معاملات کے حوالے سے درست کارکردگی پر بہت کم یا قطعی اعتماد نہیں ہے۔

یکم اپریل سے 7 اپریل، 2024 کے درمیان کیے گئے 3 ہزار 600 بالغ امریکیوں کے پیو ریسرچ سینٹر کے سروے کے مطابق، دس میں سے تین کا کہنا ہے کہ انہیں اسرائیلی وزیر اعظم پر تھوڑا بہت اعتماد ہے۔ تاہم 2023 سے لے کر اب تک نیتن یاہو پر اعتماد نہ رکھنے والے امریکیوں کی تعداد میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

سروے کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا تعلق نیتن یاہو کے بارے میں امریکیوں کی آگہی میں تبدیلی سے ہے۔ 2023 میں، تقریباً ایک چوتھائی امریکیوں یعنی 26 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی لیڈر کے بارے میں کبھی سنا ہی نہیں تھا، لیکن اس سال اس میں 15 فیصد کمی آئی ہے۔

سیاسی پارٹیوں سے وابستگی اور ٓآبادی کے متنوع گروپوں کا اثر

نیتن یاہو کے بارے میں امریکیوں کے خیالات سیاسی پارٹیوں سے وابستگی، اور آبادی کے مختلف گروپوں اور عوامل کے لحاظ سے مختلف ہیں۔

پارٹی بازی:

پیو ریسرچ سینٹر کے سروے کے مطابق، ڈیموکریٹس کو نیتن یاہو پر ریپبلکنز کے مقابلے میں بہت کم اعتماد ہے۔ ان کے مقابلے ریپبلکنز اور اس جانب جھکاؤ رکھنے والے آزاد نتین یاہو کے بارے میں کہیں زیادہ مثبت خیالات رکھتے ہیں۔

تقریباً نصف ریپبلکنز یعنی 51 فیصد کا کہنا ہے کہ انہیں عالمی امور کے حوالے سے صحیح کام کرنے کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم پر کم از کم کچھ اعتماد ہے، جب کہ صرف 13 فیصد ڈیموکریٹس ان کے بارے میں یہ رائے رکھتے ہیں۔ ڈیموکریٹس کے درمیان، بہت سوں کا، 38 فیصد کا کہنا ہے کہ انہیں ان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے۔

سروے کے مطابق 62 فیصد قدامت پسند ریپبلکنز، 31 فیصد اعتدال پسند اور لبرل ریپبلکنز کے مقابلے میں دو گنا زیادہ امکان رکھتے ہیں کہ انہیں نیتن یاہو پر کم از کم کچھ اعتماد ہے۔

اسی طرح قدامت پسند اور اعتدال پسند ڈیموکریٹس بھی جن کی تعداد 17 فیصد ہے، نیتن یاہو پر، سات فیصد لبرلز سے زیادہ اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔

سروے میں حصہ لینے والوں کی عمر بھی ایک اہم عنصر ہے

سروے میں حصہ لینے والوں کی رائے میں عمر کے لحاظ سے بھی فرق نظر آتا ہے۔ مثال کے طور پر، 50 سال اور اس سے زیادہ عمر کے ریپبلکنز کو نیتن یاہو پر نوجوان ریپبلکنز کے مقابلے میں بہت زیادہ اعتماد ہے۔

ڈیموکریٹس میں عمر کا فرق زیادہ معمولی ہے، یعنی 16 فیصد معمر ڈیموکریٹس کو اسرائیلی وزیر اعظم پر اعتماد ہے، اور 10 فیصد نوجوان ڈیموکریٹس کو۔

نتن یاہو پر بہت کم یا عدم اعتماد کا اظہار کرنے والے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس دونوں میں گزشتہ سال سے اضافہ ہوا ہے۔ تاہم 15 فیصد ڈیموکریٹس کے مقابلے میں ریپبلکنز میں تقریباً پانچ فیصد کے ساتھ یہ شرح تین گنا کم ہے۔

سب سے کم عمر بالغ امریکیوں نے گزشتہ سال سے نیتن یاہو کی جانب منفی رویہ اختیار کیا ہے۔ 30 سال سے کم عمر کے بالغوں کی شرح جنہیں نیتن یاہو پر بہت کم یا قطعی اعتماد نہیں ہے 2023 میں 37 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 55 فیصد ہو گئی ہے۔

اس سال فروری میں کیے جانے والے پیو ریسرچ سینٹر کے ایک سروے کے مطابق، اسرائیلی حکومت کے بارے میں امریکیوں کے خیالات بھی 2022 کے مقابلے میں زیادہ منفی ہو گئے ہیں۔ دس میں سے چار امریکیوں (41 فیصد) کا اسرائیلی حکومت کے بارے میں ایک مثبت نظریہ ہے، جو کہ 2022 میں 47 فیصد تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG