رسائی کے لنکس

صومالیہ: 'الشباب' نے سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کردی


فائل
فائل

'الشباب' نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ گودان کی ہلاکت کے باوجود "جہاد" جاری رہے گا اور اس کے دشمن "شدید پریشانی" کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

صومالیہ میں سرگرم شدت پسند گروہ 'الشباب' نے رواں ہفتے کیے جانے والے امریکی فضائی حملے میں اپنے سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

شدت پسند تنظیم نے ہفتے کو جاری کیے جانے والے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملے میں احمد عبدی گودان کے ہمراہ اس کے دو ساتھی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

'الشباب' نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ گودان کی ہلاکت کے باوجود "جہاد" جاری رہے گا اور اس کے دشمن "شدید پریشانی" کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

'الشباب' کے بیان کے مطابق شیخ احمد عمر ابو عبیدہ کو تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ احمد گودان اپنے پیچھے "ایسے سرفروشوں " کو چھوڑ کر گیا ہے جو اس کے "مقدس مشن" کو جاری رکھیں گے اور اپنے رہنما کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی فوج نے پیر کو صومالیہ کے جنوبی علاقے میں ایک مکان پر میزائل داغے تھے جس کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ وہاں القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم 'الشباب' کے رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا۔

امریکی حملے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ حملے میں مبینہ طور پر 'الشباب' کا رہنما احمد گودان ہلاک ہوا ہے۔ لیکن امریکی حکام نے فوری طور پر ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی تھی۔

گزشتہ روز امریکی محکمۂ دفاع کے ترجمان نے اعلان کیا تھاکہ انہیں حملے میں 'الشباب' کے سربراہ کی ہلاکت کے ناقابلِ تردید شواہد مل گئے ہیں۔

'پینٹاگون' سے جاری بیان میں ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے کہا تھا کہ امریکی فوج نے یہ حملہ گودان کو نشانہ بنانے کے لیے ہی کیا تھا جس میں وہ ہلاک ہوگیا ہے۔

'الشباب' کی جانب سے اپنے رہنما کی ہلاکت کی تصدیق سے قبل صومالیہ کے وزیرِ اعظم عبدی ولی شیخ محمد نے کہا تھا کہ امریکہ نے یہ حملہ ان کی حکومت کی اجازت سے کیا تھا۔

ہفتے کو 'وائس آف امریکہ' کی صومالی سروس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا تھاکہ صومالی حکومت نے گودان کا سراغ لگانے میں امریکہ کی مدد بھی کی تھی۔

صومالیہ کے وزیر برائے سلامتی امور خالف احمد نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اپنے سربراہ کی ہلاکت کا انتقام لینے کی غرض سے 'الشباب' کے جنگجو سرکاری تنصیبات، اسکولوں اور اسپتالوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

صومالی وزیر نے ہفتے کو دارالحکومت موغادیشو میں صحافیوں کوبتایا کہ شدت پسندوں کے ممکنہ حملوں کے پیشِ نظر ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

احمد گودان کا نام امریکہ کو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا جو 2008ء سے 'الشباب' کی قیادت کر رہا تھا۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کی جانےو الی فہرست کے مطابق گودان کے سر پر 70 لاکھ ڈالر کا انعام تھا۔

XS
SM
MD
LG