رسائی کے لنکس

ایپل کمپنی نے گزشتہ سہ ماہی میں ریکارڈ منافع کمایا


ایپل کمپنی نے منگل کو بتایا کہ 31 دسمبر 2014ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں اُس نے سات کروڑ پینتالیس لاکھ ’آئی فون‘ فروخت کیے۔

امریکہ کی ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے گزشتہ سہ ماہی میں 18 ارب ڈالر کا منافع کمایا ہے جو کسی بھی پبلک کمپنی کی طرف سے ایک سہ ماہی میں کمایا جانے والا سب سے بڑا منافع ہے۔

اس منافع کی وجہ ایپل کمپنی کے ’آئی فون 6‘ کی ریکارڈ سیل بتائی جاتی ہے۔ ایپل کمپنی نے منگل کو بتایا کہ 31 دسمبر 2014ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں اُس نے سات کروڑ پینتالیس لاکھ ’آئی فون‘ فروخت کیے۔

اتنی بڑی تعداد میں ’آئی فونز‘ کی فروخت تجزیہ کاروں کے اندازوں سے زیادہ ہے جب کہ ایپل کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بھی کہا کہ ’آئی فون‘ کی مانگ میں اضافہ ’حیرت انگیز‘ ہے۔

ایپل کمپنی کی گزشتہ سال کے آخر تک مجموعی آمدن 74 ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہی جب کہ 2013ء میں اس کی آمدن 57 ارب ساٹھ کروڑ ڈالر تھی۔ ان اعداد و شمار کے مطابق 2014ء میں ایپل کی آمدن 2013ء کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ رہی۔

چین میں بھی ایپل کی مصنوعات میں گزشتہ سال اضافہ دیکھا گیا جب کہ یورپ میں بھی اس ’آئی فون‘ کی مانگ میں اضافہ ہوا۔

لیکن آئی فونز کی مانگ میں اضافے کے برعکس ایپل کے ٹیبلٹ کمپیوٹر کی فروخت میں 2014ء میں 18 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔​

XS
SM
MD
LG