رسائی کے لنکس

بھارت کی آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹوں سے فتح


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

آسڑیلیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت نے تین، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

بھارت کے شہر موہالی میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں میزبان ملک نے آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین، صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم 408 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اسٹارک 99 رنز جبکہ اسمتھ 92 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت کی طرف سے جدیجا، ایشانت شرما نے تین، تین جبکہ آشون اور اوجاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارت کے ابتدائی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، شیکھر دھاون نے 187 جبکہ وجے مورالی 153 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 499 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر پیٹر سڈل نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مہمان ٹیم آسٹریلیا نے دوسری اننگز کا آغاز 91 رنز کے خسارے سے کیا اور ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہو گئی، 89 کے مجموعی اسکور پر اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔ بھارتی باؤلروں کے آگے کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 223 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 133 رنز کا آسان ہدف ملا جو کہ اس نے کھیل کے آخری اور پانچویں روز چار کھلاڑی کے نقصان پر پورا کر لیا۔

بھارتی بلے باز شیکھر دھاون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 22 مارچ کو دہلی میں کھیلا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG