رسائی کے لنکس

’میرا اور وینا‘ متنازع شخصیات کی فہرست میں شامل


بالی ووڈ راؤنڈ اپ: ٹاپ 5 متنازعہ سلیبریٹیز میں مِیرا اور وینا ملک بھی شامل۔ کون بنے گا کروڑ پتی: امیتابھ آؤٹ، فرحان اختر ’ان ‘۔۔۔؟؟، ملیکہ شیراوت چلیں آکسفورڈ میں لیکچر دینے اور ۔۔۔

اس بار ’بالی وڈ راؤنڈ اپ‘ میں شامل ہیں ممبئی رنگ برنگی فلم نگری سے جڑی کچھ کھٹی میٹھی خبریں۔ کچھ سچ اور کچھ کھرا سچ۔

ٹاپ5 متنازعہ سلیبریٹیز۔۔۔ میرا اور وینا ملک بھی شامل
فلم اسٹار میرا اور وینا ملک کا تعلق ویسے تو پاکستان سے ہے لیکن انہوں نے شہرت کمائی بالی وُڈ جا کر۔ اپنی فلموں کے حوالے سے کم اور اسکینڈلز کے ذریعے سے زیادہ۔ اسی لئے دونوں شامل ہوگئی ہیں ٹاپ فائیو متنازعہ سلیبریٹیز کی لسٹ میں۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ نے فلم بینوں کی پسند کے لحاظ سے یہ فہرست ترتیب دی ہے جس کے مطابق متنازعہ سلیبریٹیز کی لسٹ میں برطانوی ایکٹریس صوفیہ حیات پہلے نمبر پر ہیں۔ دوسرا نمبر ہے میکسیکن ایکٹریس باربرا موری کا۔ تیسرے نمبر پر براجمان ہیں وینا ملک۔ چوتھا نمبر سنی لیون کا ہے جبکہ مِیرا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

کون بنے گا کروڑ پتی: امیتابھ آؤٹ، فرحان اختر ’ان ‘۔۔۔؟؟
جی ہاں، امیتابھ بچن شاید ’کے بی سی‘ سے آؤٹ اور فرحان اختر ’ان‘ ہوجائیں۔ ایسا ہم نہیں بلکہ ’ہندوستان ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کہہ رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے چھ سیزنز آن ائیر ہو چکے ہیں جن میں سے ایک سیزن کے لئے شاہ رُخ خان کو بھی آزمایا گیا تھا لیکن امیتابھ جیسی پرفارمنس وہ بھی نہیں دے سکے مگر مسئلہ یہ ہے کہ ٹی وی انتظامیہ اب پھر سے میزبانی میں نیاپن لانا چاہتی ہے۔ اسی لئے شائد فرحان اختر کو آگے لایا جارہا ہے۔

فرحان اختر اور ٹی وی انتظامیہ کے درمیان بات چیت چل رہی ہے۔کے بی سی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے نوجوانوں کو پروگرام کی طرف مائل کرنے کیلئے ’نوجوان میزبان‘ لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے فرحان سے بہتر کوئی نہیں ہوسکتا۔ فرحان نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ سوچ بچار کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

اگر واقعی فرحان ’کے بی سی‘ میں اِن ہو جاتے ہیں تو یہ نا صرف ان کے لئے ایک بڑا چیلنج ہوگا بلکہ خود امیتابھ کے لئے یہ ایک دھچکا ہوگا کیوں کہ ’کے بی سی‘ ہی وہ پروگرام ہے جس سے امتیابھ کی سلور اور منی اسکرین پر واپسی ہوئی تھی۔

ملیکہ شیراوت چلیں ۔۔۔ آکسفورڈ میں لیکچر دینے
بالی وڈ میں بولڈ آئٹم سونگز کے حوالے سے شہرت رکھنے والی ملیکہ شیراوت آج کل خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں۔ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے مطابق دنیا کی ممتاز یونیورسٹیز میں سے ایک، برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی یونین نے انہیں لیکچر دینے کی دعوت جو دے دی ہے۔ ملیکہ کا کہنا ہے کہ وہ 27 فروری کو لیکچر دیں گی اور ان دنوں تیاری میں روز و شور سے مصروف ہیں۔

ایکتا کپور کی نئی فلم کا بولڈ مگر ’حساس‘ موضوع
بالا جی ٹیلی فلمز کی کرتا دھرتا اورکئی ہٹ فلموں کی ڈائریکٹر ایکتا کپور اب ایک اور لو اسٹوری پروڈیوز کریں گی لیکن یہ لو اسٹوری کوئی عام لو اسٹوری نہیں بلکہ بہت ہی بولڈ مگر ’حساس‘ موضوع ’گے کپلز‘ کی محبت پر مشتمل ہوگی۔ ’ ٹائمز آف انڈیا‘ نے فلم کے ڈائریکٹر دانش اسلم کے حوالے سے بتایا کہ ’رومیوجولیٹ‘ کی لو اسٹوری کو نئے انداز میں بنایا جائے گا۔ اس بارے میں بالا جی فلمز سے بات چیت آخری مرحلے میں ہے اور جوں ہی تفصیلات فائنل ہوئیں فلم کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔

بالی وڈ فلموں میں گجراتی گانوں کا تڑکا
بالی وُڈ فلموں میں گجراتی گانے یاہندی گانوں میں گجراتی الفاظ کا تڑکا اب ایک نیا ٹرینڈ بن گیا ہے۔ تقریباً ہر دوسری فلم میں یا تو کوئی کیریکٹر گجراتی ہوتا ہے یا گانا۔ ’ہم دل چکے صنم‘ سے لے کر، ’او مائی گاڈ‘ تک کئی فلموں میں آپ کو گجراتی کلچر نظر آئے گا۔ ’ہنسی تو پھنسی‘، ’جے ہو‘، ’رام لیلا‘، ’رے میا وستا ویا‘، ’کائی پو چے‘، ’گوری تیرے پیار میں‘ جیسی کئی فلمیں ہیں جن میں گجراتی گانے شامل کئے گئے ہیں۔
XS
SM
MD
LG