رسائی کے لنکس

چین میں انسانی حقوق کی صورت حال اور صدر ہوجن تاؤ کا دورہ امریکہ


چین میں انسانی حقوق کی صورت حال اور صدر ہوجن تاؤ کا دورہ امریکہ
چین میں انسانی حقوق کی صورت حال اور صدر ہوجن تاؤ کا دورہ امریکہ

چینی صدر ہو جن تاؤ کی امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کے دوران کئی ایسے اہم معاملات بھی زیر بحث آنے کی توقع ہے جن پر امریکہ اور چین کے درمیان ایک عرصے سے اختلاف موجود ہے ۔ان میں سے ایک اہم معاملہ انسانی حقوق کی صورتحال ہے ۔

جاؤلین ہی اگر دنیا کے کسی اور ملک میں خوراک کےمعیار پر نکتہ چینی کرتے تو انہیں اس حوالے سے ایک سرگرم کارکن سمجھا جاتا مگر چین میں انہیں عوامی جذبات مشتعل کرنے کے الزام میں ڈھائی سال قید کی سزاسنائی گئی ۔ ان کا جرم ان والدین سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی منعقد کرنا تھا جن کے بچے مضر صحت خشک دودھ پینے سے بیمار ہوئے تھے ۔چین کی تاریخ اس سب سے بڑے سکینڈل میں چھ بچے ہلاک اور تین لاکھ بیمار ہوئے تھے ۔

لیکن جیسے جیسے عالمی معاملات میں چین کا اثر بڑھ رہا ہے ، انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ چین کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر توجہ کم سے کم ہوتی جا رہی ہے ۔

صوفی رچرڈ سن واشنگٹن میں ہیومن رائٹس واچ کی ایڈووکیسی ڈائریکٹر ہیں ۔ وہ کہتی ہیں کہ دس سال پہلے ایسے 25 اراکین کانگریس ڈھونڈنا مشکل نہیں تھا جو کسی ایک شخص کی رہائی کےمطالبے کے خط پر دستخط کر دیں مگر اب ایسا کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے ۔ اراکین کانگریس کو فکر ہے کہ اگر انہوں نے خط پر دستخط کئے توکیا ان کے انتخابی حلقے کے کاروباری لوگ چین میں سرمایہ کاری کرسکیں گے ؟ کیا ان کا منافع تو متاثر نہیں ہوگا ؟ اور کیا چینی حکومت ایران یا شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں لگانے کے معاملے پر تعاون سے انکار تو نہیں کر دے گی ؟

چین میں معیار زندگی کے کچھ پہلو دس بیس یا تیس سال سے یقینا بہتر ہو چکے ہیں ۔ لیکن اب بھی کئی ایسی حدود ہیں جنہیں لوگ پار نہیں کر سکتے ۔ ایڈز کے خلاف آگہی پیدا کرنے والے کارکن وین ین ہی کہتے ہیں کہ چینی حکام بھی اسی تاثر کا شکار ہیں ۔ وین ین پچھلے سال اپنے خاندان کے ساتھ چین سے نکل گئے تھے ۔

ان کا کہنا ہے کہ لیو شاؤ بو ایک سیاسی کارکن تھے ، جس نے اعتدال اور امن سے ملک میں جمہوریت کا مطالبہ کیا اور ان کے کمیونسٹ پارٹی سے اچھے تعلقات بھی تھے لیکن انہیں نشانہ بنایا گیا ۔

لیو شاؤ بو گزشتہ سال کے نوبیل انعام یافتہ سکالر ہیں ، مگر انہیں اپنا انعام وصول کرنے ناروے جانے کی اجازت نہیں ملی ، وہ چین میں سیاسی تبدیلی کے لئے آواز اٹھانے کے الزام میں گیارہ سال کی قید کاٹ رہے ہیں ۔ چین لیو شاؤ بو کو مجرم گردانتا ہے اور امریکہ اور دیگر ملکوں کو چین کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا الزام عائد کرتا ہے ۔

امریکی سینیٹر جان کیری کہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے ۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم چین کی ترقی سے خوش ہوں یا مایوس ، مگر سادہ سی بات یہ ہے کہ ہمیں چین کی ضرورت ہے اور چین کو ہماری ۔ ہمیں اس تعلق کو ٹھیک ہی رکھنا ہے ۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر اوباما چینی صدر ہوجن تاؤ انسانی حقوق پر بات کریں گے لیکن انسانی حقوق کے کارکنوں کو چینی صدر کے دورہ امریکہ میں کسی حیران کن اعلان کی توقع نہیں ہے ۔

XS
SM
MD
LG