رسائی کے لنکس

ٹنڈولکر آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر قرار


ٹنڈولکر آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر قرار
ٹنڈولکر آئی سی سی پلیئر آف دی ایئر قرار

بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے جبکہ پاکستانی کرکٹ ایمپائر علیم ڈار مسلسل دوسری بار آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تاہم کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے دیے جانے والے سالانہ اعزازات حاصل کرنے والوں کی فہرست میں اس سال کوئی پاکستانی کھلاڑی اپنی جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

بدھ کے روز بھارت کے شہر بنگلور میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سالانہ تقریب میں علیم ڈار نے بہترین امپائر کا ایوارڈ وصول کیا۔ سال کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز کیلیے بھارت کے سچن ٹنڈولکر، وریندر سہواگ، جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ اور انگلینڈ کے گرائم سوان کے درمیان مقابلہ تھا جس میں ٹنڈولکر فاتح قرار پائے۔

آئی سی سی کی طرف سے ہر سال دیے جانے والے اعزازات کی فہرست میں پہلی بار متعارف کرائے گئے شائقین کی رائے شماری کے ذریعے بہترین کھلاڑی کے انتخاب کا ایوارڈ بھی سچن ٹنڈولکر کو دیا گیا۔

پاکستان کے عمر اکمل "سال کا بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی" کے ایوارڈ کے امیدوار تھے تاہم یہ اعزاز انگلینڈ کے اسٹیفن فن کے حصے میں آیا۔

سال کے بہترین ٹیسٹ کھلاڑی بھارت کے وریندر سہواگ اور بہترین ون ڈے کھلاڑی جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز قرار پائے۔ ٹی ٹوئنٹی کی سال کی بہترین کارکردگی کا ایوارڈ نیوزی لینڈکے برینڈن میک کلم کو دیا گیا۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو آئی سی سی کی منتخب "ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر " جبکہ رکی پونٹنگ کو "ون ڈے ٹیم آف دی ایئر " کا کپتان مقرر کیا گیا۔ آئی سی سی کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل دونوں ٹیموں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں تاہم بھارتی بلے باز ٹنڈولکر وہ واحد کھلاڑی ہیں جوبیک وقت دونوں ٹیموں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

XS
SM
MD
LG