رسائی کے لنکس

پہلا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں میزبان سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعرات کو پالی کیلے میں کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث 42 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ جواباً پاکستان نے مطلوبہ ہدف 35 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 37 اور عمر اکمل 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کپتان مصباح الحق نے 30 رنز بنائے۔

قبل ازیں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو میزبان ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی جب کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے بھی میچ کے تسلسل کو متاثر کیا۔

میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ محض 8 کے مجموعی اسکور پر گری ۔ بعد میں آنے والے بلے باز بھی کوئی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کرسکے اور اٹھارہویں اوور میں بارش کے باعث میچ روکا گیا تو محض 50 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کی 5 وکٹیں گر چکی تھیں۔

بعد ازاں 37 ویں اوور کے اختتام پر جب بارش کی وجہ سے تیسری بار کھیل روکا گیا تو سری لنکا کے سات کھلاڑی 107 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر آفیشلز نے میچ کو 42 اوورز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا تو سری لنکن کھلاڑی ایک مزید وکٹ گنوا کر مجموعی اسکور میں 28 رنز کا اضافہ کرسکے اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے تھریمان ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے عمر گل اور محمد سمیع نے 3، 3 جب کہ محمد حفیظ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے دورہ سری لنکا کا آغاز ٹی20 سیریز سے کیا تھا جو کہ ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔ اس دورے میں پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچ بھی کھیلے گی۔

ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو پالی کیلے ہی میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG